چین اور برکینافاسو کے درمیان سفارتی تعلقات بحال

اتوار 27 مئی 2018 10:20

بیجنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2018ء) چین کے ریاستی کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ ای نے بیجنگ میں برکینافاسو کے وزیر خارجہ الفا بیری کے ہمراہ عوامی جمہوریہ چین اور برکینافاسو کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے جس کے بعد اسی روز سے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات باقاعدہ بحال ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اعلامیے کے مطابق فریقین نے اتفاق کیا کہ ایک دوسرے کے اقتدار اعلی اور علاقائی سالمیت کا احترام کیا جائے گا ، ایک دوسرے کے خلاف عدم جارحیت اور اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کے اصول پر گامزن رہتے ہوئے باہمی مفادات اور برابری ،پرامن بقائے باہمی کے اصولوں کے مطابق دونوں ملکوں کے دوستانہ تعلقات کو فروغ دیا جائے گا۔برکینافاسو دنیا میں صرف ایک چین کو تسلیم کرتا ہے جس کا مطلب یہ ہوا کہ عوامی جمہوریہ چین کی حکومت چین کی واحد نمائندہ قانونی حکومت ہے جبکہ تائیوان چین کی سرزمین کا اٹوٹ حصہ ہے۔

برکینافاسو نے تائیوان سے کسی قسم کے سرکاری تعلقات قائم نہ کرنے اور نہ ہی سرکاری رابطہ کرنے کا وعدہ کیا ہے۔یاد رہے کہ چوبیس مئی کو برکینافاسو نے تائیوان سے نام نہاد "سفارتی تعلقات" کے خاتمے کا اعلان کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :