مقبوضہ کشمیر ، قابض فورسز اہلکاروں نے جامع مسجد کے اندر نمازیوں پر پیلٹ برسائے، پیلٹ لگنے سے 34افرادزخمی

اتوار 27 مئی 2018 12:40

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز نے جمعہ کے روز سرینگر کے علاقے نوہٹہ میں پر امن مظاہرین کے ساتھ ساتھ جامع مسجد کے اندر نما زیوں پر بھی پیلٹ برسائے ۔ صدر ہسپتال سرینگر کے اعداد وشمار کے مطابق پیلٹ لگنے سے 34افراد زخمی ہوئے تھے جن میں سے 24 افراد کی آنکھوں میں پیلٹ لگے ہیں۔ صدر ہسپتال کے شعبہ نیرو لوجی میں علاج کے لیے آنے والے ایک اکیس سالہ نوجوان عبدالقیوم نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ وہ جامع مسجد میںجمعہ کی نما زا دا کرنے گیا تھا اور نماز ختم ہونے کے فوراٴْ بعدجب نمازی ابھی مسجد کے اندر ہی موجود تھے ، بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے مسجد کے اندر پیلٹ چلائے اور آنسو گیس کے گولے داغے جس کی وجہ سے کئی افراد زخمی ہوئے جبکہ انکا سر بھی پیلٹ لگنے سے زخمی ہوا۔

(جاری ہے)

ایک اور زخمی نوجوان نے بتایا کہ وہ اپنے دادا کے ساتھ جامع مسجد کے اندر موجود تھا اور نماز ختم ہوتے ہی فورسز اہلکاروں نے مسجد کے اندر پیلٹوں اور آنسو گیس کے گولوں کی برسات کر دی جس کے نتیجے میں انکی بائیں آنکھ پیلٹ لگنے سے زخمی ہو گئی جبکہ انکے دادا کی ٹانگوں بھی پیلٹ لگنے سے زخمی ہو گئیں۔۔ صدر سپتال سرینگر کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر سلیم ٹاک نے بتایا کہ ہسپتال میں پیلٹ لگنے سے زخمی ہونے والے 34افراد کو لایا گیا تھا جن میں سے 12نوجوانوں کو ابتدائی مرہم پٹی کے بعد جمعہ کو ہی گھر روانہ کیا گیا جبکہ 12نوجوان تاحال ہسپتال میں داخل ہیں۔ انہوںنے کہا خانیار سرینگر کے رہائشی ایک نوجوان کی آنکھیں پیلٹ لگنے سے شدید زخمی ہوئی ہیں۔