الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کے امیدواروں سے پارٹی کو فنڈنگ وصول کرنے سے روکنے کے لیے تجویز پیش کردی

31 مئی کو پارلیمانی جماعتوں کے مشاورتی اجلاس میں اس معاملے پر بات کی جائے گی ، دیگر قواعد و ضوابط کامسودہ بھی تیار کر لیا گیا

اتوار 27 مئی 2018 14:00

اسلام آباد/لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات میں سیاسی جماعتوں کے امیدواروں سے پارٹی کو فنڈنگ وصول کرنے سے روکنے کے لیے تجویز پیش کردی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ای سی پی کی جانب سے آئندہ انتخابات سے قبل ایک ضابطہ اخلاق کا مسودہ ترتیب دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی سیاسی جماعت اپنے کسی بھی امیدوار کو ٹکٹ دینے کے لیے کسی بھی طرح سے فنڈنگ کے نام پر رقم وصول نہیں کر سکتی۔

مسودے کی کاپی کے مطابق الیکشن کمیشن 31 مئی کو پارلیمانی جماعتوں کے مشاورتی اجلاس میں اس معاملے پر بات کرے گا۔خیال رہے کہ پاکستان میں سیاسی جماعتیں اپنے امید واروں سے درخواست فیس کے نام پر رقوم وصول کرکے قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر انہیں ٹکٹ جاری کرتی ہیں، تاہم امید وار کے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد، خواہ کسی بھی صورت میں یہ فیس قابل واپسی نہیں ہوتی اور یہ پارٹی فنڈ میں چلی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کے اس تجویز کردہ ضابطہ اخلاق کے مطابق ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر اور ریٹرننگ افسر کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ ضلعی اور مقامی انتظامیہ، پولیس یا پھر دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد سے اپنی قانونی حدود کے اندر اس ضابطہ اخلاق کو نافذ کریں گے۔علاوہ ازیں اگر کوئی بھی سیاسی جماعت یا پھر اس کا امید وار اس ضابطہ اخلاق کی خلاف وزری کا مرتکب پایا گیا تو اس کے اس عمل کو بدعنوانی کے مترادف قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اور اسے نااہل قرار دیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کے کامیاب انعقاد اور اس دوران امن و امان برقرار رکھنے سے متعلق وقتا فوقتا سامنے آنے والی ہدایات اور قواعد و ضوابط کی پاسداری سیاسی جماعتوں، امیدواروں اور الیکشن ایجنٹس پر لازمی ہوگی، تاہم قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی صورت میں ان کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی بھی کی جاسکتی ہے۔ای سی پی کے ضابطہ اخلاق کے مطابق سیاسی جماعتیں، امیدوار، الیکشن ایجنٹس ان کے حامی یا پھر کوئی بھی شخص کسی مرد، عورت یا خواجہ سرا کو الیکشن میں حصہ لینے یا پھر اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے سے روکنے کے لیے کسی بھی طرح کے انتظام یا معاہدے کا رسمی یا غیر رسمی طور پر حصہ بنا تو اسے بدعنوانی تصور کیا جائے گا۔

سیاسی جماعتوں کو خواتین کے الیکشن میں حصہ لینے اور اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کے حوالے سے ان کی حوصلہ افزائی بھی کرنی ہوگی۔سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو کسی بھی سرکاری افسر یا ملازم سے کسی بھی طرح کی حمایت یا پھر اس کی انتخابی مہم میں مدد حاصل کرنے کا اختیار نہیں ہوگا، اور اس کی خلاف ورزی کو قانون کے خلاف تصور کیا جائے گا۔

سیاسی جماعتوں کے امیدوار یا پھر پولیٹیکل ایجنٹس کو خود کو ان کے حامیوں کی جانب سے بیلٹ پیپر خراب کرنے یا اس پر نشان لگانے کے عمل سے دور رکھنا ہوگا، ورنہ اس کو خلاف قانون قرار دیا جائے گا۔ای سی پی کے مطابق صدر، نگراں وزیر ِاعظم، نگراں وزرائے اعلی اور ان کی کابینہ کے اراکین سرکاری افسران کی فہرست میں شامل ہوں گے لہٰذاان پر الیکشن میں حصہ لینے پر پابندی ہوگی۔

کسی بھی سیاسی جماعت کو قومی خزانے سے کسی بھی طرح کی تشہیری مہم چلانے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ الیکشن مہم کے دوران کسی بھی طرح سے ذرائع ابلاغ کے غلط استعمال کرنے پر پابندی ہوگی۔اس کے علاوہ بینرز، بل بورڈز یا پھر وال چاکنگ پر مکمل طور پر پابندی ہوگی، اور اس کی خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔اس کے ساتھ ساتھ سیاسی جماعتوں یا امیدواروں یا پھر ان کے ایجنٹس کو اس بات کو یقین بنانا ہوگا کہ وہ جلسہ عام کے دوران ایسی اشیا اپنے ساتھ نہ رکھیں جن کی مدد سے ہجوم کے مشتعل ہونے کی صورت میں اس میں موجود ناپسندید عناصر انہیں استعمال کرکے قومی املاک کو نقصان پہنچا سکیں۔

ای سی پی کے ضابطہ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ سیاسی مخالفین کے پتلے جلانے کی بھی اجازت نہیں دی جائے گی۔