جتنی چاہے پیشیاں کرائیں فیصلہ اللہ تعالی کی ذات اور عوام نے کرنا ہے ‘ خواجہ سعد رفیق

کوئی چاہے جتنا مرضی پراپیگنڈا کرے 25جولائی2018 کو عوام کارکردگی کی بنیاد پر بہتر فیصلہ کرینگے‘ صحافیوں سے گفتگو

اتوار 27 مئی 2018 14:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2018ء) وفاقی وزیرریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ملک میں کوئی غدار نہیں سب محب وطن ہیں ،اسد درانی کی کتاب نہیں پڑھی لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ لوگ کتاب پڑھے بغیر ہی غداری کا تبصرہ کر رہے ہیں،جتنی چاہیں پیشیاں کرائیں فیصلہ اللہ تعالی کی ذات اور عوام نے کرنا ہے، کوئی چاہے جتنا مرضی پراپیگنڈا کرے انتخابات میں عوام کارکردگی کی بنیاد پر بہتر فیصلہ کریں گے۔

رائیونڈ ریلوے اسٹیشن پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ملک میں انتخابات کی آمد آمد ہے اور سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں، دوسری جانب مخالفین نے الزامات کا سلسلہ مزید تیز کردیا ہے لیکن الزامات لگتے رہتے ہیں اور قافلے چلتے رہتے ہیں ۔مخصوص لوگ مخصوص ایجنڈے کے تحت الزامات لگاتے رہتے ہیں ، جتنی چاہے پیشیاں کرائیں فیصلہ اللہ تعالی کی ذات اور عوام نے کرنا ہے ،جتنا کوئی چاہے پراپیگنڈا کرے 25جولائی2018 کو عوام کارکردگی کی بنیاد پر بہتر فیصلہ کریں گے ۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ میں نے اسددرانی کی کتاب نہیں پڑھی اس لیے اس پرکوئی تبصرہ نہیں کروں گا، تاہم یہ بھی حقیقت ہے کہ لوگ اسد درانی کی کتاب پڑھے بغیر ہی غداری کا تبصرہ کررہے ہیں۔ ملک میں کوئی غدار نہیں سب محب وطن ہیں اور ہر کسی کو حدود میں رہتے ہوئے بات کرنے کی آزادی ہونی چاہیے،تقریروں اور تبصروں کی اجازت ہونی چاہیے۔

انہوں نے بتایا کہ رائیونڈ ریلوے اسٹیشن کی حالت کافی خستہ تھی ،یہاں تبلیغی جماعت کا مرکز ہے ،جدید کشادہ اور ضرورت کے مطابق ریلوے اسٹیشن بنایاجارہا ہے جس کا 80فیصد کام مکمل کرلیا ہے ، ہم اس کا وزٹ کررہے ہیں افتتاح نہیں کررہے اوراس کا افتتاح ہماری حکومت کے بعد ہوگا،رائیونڈ ریلوے اسٹیشن پر کل تخمینہ 150.09ملین روپے ہے ،دودوکانوں کو گرایاگیاہے جن کو جگہیں دیں گے ،اس اسٹیشن میں کشادہ مسجد اور کینٹین بھی بنائی گئی ہے کچھ دنوں میں کام مکمل ہو جائے گا۔