محکمہ موسمیات کی ہیٹ ویوکی نئی وارننگ ،ْ کراچی شہریوں کواگلے تین روز تک محتاط رہنے کی ہدایت

کراچی میں 29 سے 31 مئی تک درجہ حرارت 40 سے 44 درجہ سینٹی گریڈ رہیگا ،ْ رپورٹ

اتوار 27 مئی 2018 14:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2018ء) محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویوکی نئی وارننگ جاری کرتے ہوئے کراچی شہریوں کواگلے تین روز تک محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے آغاز کے ساتھ ہی گرمی نے کراچی میں ڈیرے ڈال لیے ہیں ،ْ گزشتہ ہفتے شدید، چلچلاتی ہوئی دھوپ اور سمندری ہواؤں کی بندش نے شہریوں کا جینا مشکل کردیاتھا تاہم گزشتہ دوروز سے سمندری ہوائیں چلنے کے باعث شہریوں کی جان میں جان آئی تھی کہ محکمہ موسمیات نے ایک بار پھر ہیٹ ویو کی وارننگ جاری کردی ہے۔

(جاری ہے)

کراچی میں 29 سے 31 مئی تک درجہ حرارت 40 سے 44 درجہ سینٹی گریڈ رہیگا۔ ہیٹ ویو کے دوران سمندری ہوائیں بند رہنے جبکہ شمال اور شمال مغرب کی جانب سے گرم ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں ایک بار پھر ہیٹ ویو کی وارننگ کے پیش نظر شہر میں اگلے تین روز تک درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گالہٰذا شہری صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں، ہلکے رنگوں کے ڈھیلے ڈھالے کپڑے پہنیں اور سرپر گیلا کپڑا رکھیں۔ یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے ہیٹ ویو اورگرمی کی شدت سے بچا جاسکتا ہے۔