پیپلز پارٹی نے مردم شماری کے نتائج مشترکہ مفادات کونسل سے تصدیق کرانے کی کوشش کو معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیدیا

اتوار 27 مئی 2018 14:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے مردم شماری کے نتائج مشترکہ مفادات کونسل سے تصدیق کرانے کی کوشش کو معاہدے کے خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے مخالفت کردی۔میڈیا رپور ٹ کے مطابق گزشتہ روز پی پی پی کے سینیٹر تاج حیدر نے حکومت کی جانب سے سی سی آئی کا اجلاس طلب کرنے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

سینیٹر تاج حیدر نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اجلاس کی صدارت کے دوران معاہدے پر دستخط کیے اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر راجا ظفر الحق نے تصدیق کی تھی۔خیال رہے کہ سینیٹر تاج حیدر بھی اس معاہدے کے گواہان میں شامل ہیں۔سینیٹر تاج حیدر کا کہنا تھا کہ ایک اندازے کے مطابق سندھ کی آبادی کو جان بوجھ کر 1 کروڑ سے کم کر دیا گیا جبکہ پنجاب کی آبادی کو 1 کروڑ سے بڑھا دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کو مشترکہ مفادات کونسل میں 50 فیصد کی نمائندگی دے دینا بھی سازش کا حصہ ہے۔