ہر سال کی طرح رواں سال بھی (آج) 28 مئی (پیر) کو یوم تکبیر منایا جائے گا، پاکستان کو ایٹمی قوت بنے 20 برس مکمل

اتوار 27 مئی 2018 14:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2018ء) 14 اگست 1947 ء کو ایک آزاد ، خودمختار اسلامی ریاست پاکستان کے نام سے دنیا کے نقشے پر ابھری تھی۔ آزادی کا وہ دن دنیا بھر کے دیگر مسلمانوں کے لئے بھی بہت خوشی کا دن تھا کیونکہ اس روز براعظم ایشیاء میں پاکستان قائم ہوا تھا اور اس کے بعد 28 مئی 1998 ء کا دن پوری دنیا کے مسلمانوں کے لئے باعث فخر کا دن تھاجب پاکستان دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت اور امت مسلمہ کے ممالک کی پہلی ایٹمی قوت بنا تھا۔

پاکستان کو ایٹمی قوت بنے 20 برس ہو گئے ہیں۔ایٹمی صلاحیت کا حصول اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت اور پاکستان کی بقا، سلامتی و استحکام کا ضامن ہے اور 28مئی کو اسی اسلامی اور فلاحی ریاست نے اپنی بقا ء کی جنگ جیتی تھی۔یہ دونوں دن پاکستان کے سب سے تاریخی اور اہمیت کے حامل ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کا سہرامسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے سر جاتا ہے جن کے دور حکومت میں پاکستان نے ایٹمی دھماکے کئے تھے ۔

بھارت نے پہلا ایٹمی دھماکہ 18مئی 1974ء کو پاکستانی سرحد سے صرف 93میل کے فاصلے پر راجستھان کے علاقے پوکھران میں کیا تھا جس کے بعداس وقت کے وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو ایٹمی قوت بنانے کا فیصلہ کیا اور اس پر کام کا باقائدہ آغاز کیا گیا۔ 28 مئی کا دن قومی تاریخ کا ایک عظیم دن ہے اور اس کو یوم تکبیر کا نام دیا گیا اور اس کے بعد سے ہر سال 28 مئی کو یوم تکبیر بھر پور قومی جوش و جذبہ کے ساتھ منایا جاتا ہے اور ہر سال کی طرح رواں سال بھی (آجپیر) کو یوم تکبیر منایا جائے گا۔