پاکستان کی سلامتی ہماری سب سے پہلی ترجیح ہے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں‘عبدالغفار روپڑی

ملکی سلامتی کے خلاف اٹھنے والی آوازوں کو اگر دبایا نہ گیا تو بہت سے خدشات جنم لے سکتے ہیں

اتوار 27 مئی 2018 15:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2018ء) جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفارروپڑی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک اصلاحی اور فلاحی اور تربیتی مہینہ ہے، پاکستان کی سلامتی ہماری سب سے پہلی ترجیح ہے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں، ملکی سلامتی کے خلاف اٹھنے والی آوازوں کو اگر دبایا نہ گیا تو بہت سے خدشات جنم لے سکتے ہیں،مسلمانوں کی سیاست، معیشت و معاشرت سمیت ہر عمل اسلامی شریعت کے مطابق ہونا چاہیے،، فرقہ وارانہ قتل وغارت گری اور پارٹی بازی نے اسلام اور مسلمانوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز افطار ڈنر کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر حافظ عبدالوھاب روپڑی اور مولانا شکیل الرحمن ناصر سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

مقررین نے مزید کہا کہ بیرونی قوتیں چاہتی ہیں مسلم ملکوں و معاشروں میں لبرل ازم اور سیکولرازم کو فروغ دیا جائے، ا س کیلئے وہ بے پناہ سرمایہ خر چ کر رہے ہیں۔پاکستان کو بھی خاص طور پر نشانہ بنایا جارہا ہے اور غیر ملکی این جی اوز کے ذریعہ انتشار و خلفشار کی فضا پیدا کرنے اورفحاشی و عریانی پھیلانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ان سازشوں کو ناکام بنانا ہے۔ پاکستان کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل کیا گیا‘ ہمیں اللہ سے کئے عہد کو پورا کرتے ہوئے ملک میں اسلامی شریعت کے نفاذ کیلئے کردار ادا کرنا چاہیے۔