نواز شریف اور وزیر اعلیٰ شہباز شریف کے درمیان ملاقات،اہم معاملات پر تبادلہ خیال

شہباز شریف نے نگراں سیٹ اپ کیلئے قائد حزب اختلاف سے ملاقات میں زیر بحث آنیوالے ناموں سے آگاہ کیا عام انتخابات کی حتمی تاریخ کے اعلان کے بعد ٹکٹوں کی تقسیم، انتخابی مہم کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی ،رانا ثنا اللہ اور دیگر بھی موجود تھے

اتوار 27 مئی 2018 15:40

نواز شریف اور وزیر اعلیٰ شہباز شریف کے درمیان ملاقات،اہم معاملات پر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2018ء) مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال ،نگراں سیٹ اپ ،ٹکٹوںکی تقسیم اور انتخابی مہم سمیت آئندہ کے لائحہ عمل بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے پارٹی قائد کو پنجاب میں نگراں سیٹ اپ کیلئے قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید سے ہونے والی ملاقات اور اس میں زیر بحث آنے والے ناموں بارے آگاہ کیا اوردونوں طرف سے پیش کئے جانے والے ناموں کا تقابلی جائزہ لیا گیا۔بتایا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران صدر مملکت کی جانب سے عام انتخابات کیلئے 25جولائی کی تاریخ کی منطوری کے بعد ٹکٹوں کی تقسیم ، ملک بھر میں انتخابی مہم سمیت دیگر معاملات بھی زیر غور آئے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انتخابات میں مضبوط اور بے داغ کردار کے حامل امیدواروں کو ٹکٹ جاری کئے جائیں گے اورانشااللہ مسلم لیگ (ن) اپنی کارکردگی کے بل بوتے پر شاندار کامیابی حاصل کرے گی ۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر نواز شریف کا کہنا تھاکہ پنجاب حکومت نے شہباز شریف کی قیادت میں عوام کی فلاح اور صوبے کی ترقی کیلئے شاندار منصوبے مکمل کر کے مثالیں قائم کی ہیں ۔