چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی کاباب پاکستان رمضان بازار ،فیصل ٹائون کی اوپن مارکیٹوں کا دورہ

رمضان بازار میں اول درجہ پھلوںکی سپیشل ریٹس پر فروخت کے انکشاف پر انتظامیہ ،دکانداروں کی سر زنش ،ریٹ لسٹ دوبارہ مرتب کرائی 30دکانداروں کو وارننگ نوٹس جاری ، من مانے نرخوں پر فروخت کرنے والے اپنا قبلہ درست کر لیں‘ میاں عثمان کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 27 مئی 2018 15:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2018ء) چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے باب پاکستان رمضان بازار اور فیصل ٹائون کی اوپن مارکیٹوں کا تفصیلی دورہ کر کے اشیائے خوردونوش کی سرکاری نرخ نامے کے مطابق فروخت اور معیار کا جائزہ لیا ،رمضان بازار میں اول درجہ پھلوںکی سپیشل ریٹس پر فروخت کے انکشاف پر انتظامیہ اور دکانداروں کی سخت سر زنش کرتے ہوئے ریٹ لسٹ دوبارہ مرتب کرائی گئی ،ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے اور معمولی گراں فروشی پر30دکانداروں کو وارننگ نوٹس کا اجراء کیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے انتظامیہ کے افسران اور عملے کے ہمراہ باب پاکستان والٹن رمضان بازار کے تمام سٹالز کا تفصیلی دورہ کر کے اشیاء کی سرکاری نرخ نامے کے مطابق فروخت اور معیار کاجائزہ لیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انتظامیہ کی جانب سے رمضان بازار میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی جبکہ میاں عثمان نے خریداری کیلئے آنے والوں سے بھی آگاہی حاصل کی جنہوںنے قیمتوں اور معیار پر اپنے بھرپور اطمینان کا اظہار کیا ۔

دورہ کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا کہ اول درجہ پھلوں کی سپیشل ریٹس پر فروخت جاری رکھے ہے جس پر چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی نے انتظامیہ اور دکانداروں کی سر زنش کرتے ہوئے اپنی موجودگی میں پھلوں کی دوبارہ ریٹ لسٹ مرتب کرائی اور سخت وارننگ بھی جاری کی ۔ اس موقع پر کچھ سٹالز سے ناقص سبزیاں اور پھل بھی قبضے میں لے کر تلف کرا دئیے گئے۔علاوہ ازیں چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی نے فیصل ٹائون کی اوپن مارکیٹوں کے جنرل سٹورز، پھلوں، سبزیوں اور گوشت کی دکانوں پر جا کرسرکاری نرخوں کے مطابق فروخت اور معیار کا جائزہ لیا اورالیکٹرانک ترازو کے ذریعے تول بھی چیک کی ۔

سات مقامات سے ناقص پھل اور سبزیاں فوری قبضے میں لے کر تلف کرا دئیے گئے ۔ چیئرمین پی سی سی نے ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے اور معمولی گراں فروشی میں ملوث 30دکانداروں کو وارننگ نوٹس جاری کئے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں عثمان نے کہا کہ اشیائے خوردونوش کی سرکاری نرخوں کے مطابق فروخت اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور اس کے لئے بلا تفریق کارروائیاںجاری ہیں۔ انہوںنے کہا کہ اوپن مارکیٹوں میں گزشتہ رمضان المبارک کے مقابلے میں امسال کم شکایات ہیں جو خوش آئند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ من مانے نرخوں پر فروخت کرنے والے دکانداروں نے اپنا قبلہ درست نہ کیا تو ان کی اصل جگہ سلاخوں کے پیچھے ہے۔

متعلقہ عنوان :