Live Updates

سعد رفیق نے عمران خان کے خلاف الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا

عمران خان جس حلقے سے الیکشن لڑیں گے میں ان کا اسی حلقے میں مقابلہ کروں گا،وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کی گفتگو

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان اتوار 27 مئی 2018 15:56

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27 مئی 2018ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اوروفاقی وزیر ریلوےخواجہ سعد رفیق نے پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کے خلاف الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا۔قومی اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نےلاہور سے تحریک انصاف کے سربراہ کیخلاف الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے۔ خواجہ سعد رفیق کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ میرے حلقےکی چیر پھاڑ کر دی گئی ہے۔

عمران خان جس حلقے سے الیکشن لڑیں گے میں ان کا اسی حلقے میں مقابلہ کروں گا۔خواجہ رفیق نے دعویٰ کیا کہ حلقہ بندیوں میں تبدیلیوں کے با وجود مسلم لیگ ن کا ووٹ بینک متاثر نہیں ہوگا اور کامیابی انشااللہ ن لیگ کی ہی ہوگی۔ وفاقی وزیر ریلویز نےمزید کہا نواز شریف کا جمہوری بیانیہ ہی انتخابی نعرہ ہے جو خوب بکے گا۔

(جاری ہے)

جب کہ رائیونڈ ریلوے اسٹیشن پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ملک میں انتخابات کی آمد آمد ہے اور سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں، دوسری جانب مخالفین نے الزامات کا سلسلہ مزید تیز کردیا ہے لیکن الزامات لگتے رہتے ہیں اور قافلے چلتے رہتے ہیں ۔

مخصوص لوگ مخصوص ایجنڈے کے تحت الزامات لگاتے رہتے ہیں ، جتنی چاہے پیشیاں کرائیں فیصلہ اللہ تعالی کی ذات اور عوام نے کرنا ہے ،جتنا کوئی چاہے پراپیگنڈا کرے 25جولائی2018 کو عوام کارکردگی کی بنیاد پر بہتر فیصلہ کریں گے ۔ایک سوال کے جواب میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ میں نے اسددرانی کی کتاب نہیں پڑھی اس لیے اس پرکوئی تبصرہ نہیں کروں گا، تاہم یہ بھی حقیقت ہے کہ لوگ اسد درانی کی کتاب پڑھے بغیر ہی غداری کا تبصرہ کررہے ہیں۔ ملک میں کوئی غدار نہیں سب محب وطن ہیں اور ہر کسی کو حدود میں رہتے ہوئے بات کرنے کی آزادی ہونی چاہیے،تقریروں اور تبصروں کی اجازت ہونی چاہیے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات