پیپلز پارٹی عوامی منشور ،بھٹو وبینظیر کے نظریے کے ساتھ عام انتخابات میں جائے گی‘مولا بخش چانڈیو

پی پی مخالف جماعتوں کے پاس جی ٹی روڈ کی لڑائی اور الزام تراشی کے علاوہ کچھ نہیں‘ترجمان پیپلزپارٹی

اتوار مئی 16:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 مئی2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی نے کہاکہ عوام کے مسائل کا حل صرف اور صرف پی پی پی کے پاس ہے،،پیپلز پارٹی عوامی منشور اور بھٹو اور بینظیر کے نظریے کے ساتھ عام انتخابات میں جائے گی،پی پی مخالف جماعتوں کے پاس جی ٹی روڈ کی لڑائی اور الزام تراشی کے علاوہ کچھ نہیں ۔ پیپلزپارٹی کے ترجمان و سینیٹر مولابخش چانڈیونے اپنے ایک بیان میں کہاکہ آئین سے آئٹم بم تک، تعلیم سے صحت اور صنعت سے زراعت تک ہر شعبے پر پی پی پی کی مہر ہے،چند سڑکیں بنا کر قوم کو گمراہ کرنے والے سیاستدان کو لوگ اب مسترد کر دیں گے۔

انہوںنے کہاکہ پی پی پی ایک قوم بناتی ہے اور نواز شریف آکر اسے منتشر کر دیتے ہیں،اب نواز شریف کے ساتھ عمران خان بھی اسی کام پر لگ گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ عمران خان بھی نواز شریف کی مخصوص علاقے اور مخصوص سوچ والی سیاست کر رہے ہیں۔ جب مسلم لیگ ا(ن) ور تحریک انصاف جی ٹی روڈ کی لڑائی میں گتھم گتھا تھے تب سندھ میں انقلابی کام ہو رہے تھے،دل ، کینسر، گردوں کی بیماریوں کا مفت علاج اور مفت آپریشن صرف اور صرف سندھ میں ہو رہے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ سندھ میں شہروں اور دیہی علاقوں کو یکساں اہمیت دی گئی، دکھاوا نہیں کام ہوا، ایک طرف مسلم لیگ (ن)ہے جس نے دکھاوے کی خاطر کھربوں روپے لاہور پر لگا دئیے دوسری طرف عمران خان ہے جس نے مسلم لیگ (ن) کی پیروی کرنے کیلئے پشاور کو ادھیڑ کر رکھ دیا۔ انہوںنے کہاکہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے دعویداروں نے پورے ملک سے بجلی چھین لی،تبدیلی کے دعویدار نے ایک ہسپتال، بنایا یونیورسٹی نہ سکول،ماضی میں بھی پی پی نے عوام کی خدمت کی آئندہ بھی ہم ہی کریں گے۔