شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات قومی سلامتی کے لیے ناگزیر ہیں ‘لیاقت بلوچ

ملک و ملت کی حفاظت ، استحکام ، ترقی اور خوشحالی کا مشترکہ ایجنڈا طے ہونا چاہیے ‘سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی

اتوار 27 مئی 2018 16:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2018ء) جماعت اسلامی پاکستان اور متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ عبوری سیٹ اپ کے قیام میں تاخیر کے صرف وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر ہی نہیں ، نوازشریف اور آصف علی زرداری بھی برابر کے ذمہ دار اور ناکام ہیں ، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات قومی سلامتی کے لیے ناگزیر ہیں ۔

اپنی رہائش گاہ پرمعززین علاقہ کے اعزاز میں افطاری اور علامہ اقبال ٹائون میں این ای130 جے آئی یوتھ کی لیڈرشپ سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ میاں نوازشریف کے بیانیہ اور آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل اسد درانی کی کتاب پر کیا حکومت اور فوج مل کر غیر جانبدارکمیشن بنائے گی ۔ انہوںنے کہاکہ ایک طرف امریکہ بھارت اور اسرائیل کی ناپاک تثلیث قومی سلامتی پر حملہ آور ہے دوسری طرف قومی محاذ پر انتشار و مفاد پرستی کی بنیاد پر ذاتی رویے ملک و ملت کے لیے بڑی پریشانی کا باعث ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ اب وقت آگیاہے کہ قومی قیادت قومی ترجیحات کا تعین کرے ۔ ملک و ملت کی حفاظت ، استحکام ، ترقی اور خوشحالی کا مشترکہ ایجنڈا طے ہونا چاہیے ۔ 2018 ء کے انتخابات میں متحدہ مجلس عمل اسلامی عوامی انقلابی منشور اور قومی ترجیحات کے بیانیہ کے ساتھ عوام کو عزم نو اور انقلابی پیغام دے گی ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ ماہ رمضان ہرطرح کے شیطانی نظام سے نجات کا مہینہ ہے ۔

شیطان انسانوں کا کھلا دشمن ہے اس کے راستے پر چل کر ہر انسان اپنے آپ کو برباد کرلیتاہے ۔ نوجوان ملک و ملت کا سرمایہ ہیں ۔ نوجوانوں کو ہی آگے بڑھ کر اپنا مستقبل سنوارنا ہے ۔ نام نہاد پاپولرز، بے اصول سیاست اور کرپٹ مقتدر طبقہ نے عوام کے ہر طبقہ کو ذلت ، رسوائی اور فساد ہی دیاہے ۔ انہوںنے کہاکہ نظام مصطفیؐ ہی ہمارے مسائل کا حل ہے ۔