لاہورعبدالحکیم موٹروے کے شرقپوررانجھا سیکشن اورفیصل آباد۔ملتان موٹروے کے گوجرہ ٹوبہ ٹیک سنگھ سیکشن کا افتتاح آج ہوگا

اتوار 27 مئی 2018 17:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2018ء) لاہورعبدالحکیم موٹروے (ایم تھری) کے شرقپوررانجھا سیکشن اورفیصل آباد۔ملتان موٹروی(ایم چار) کے گوجرہ ٹوبہ ٹیک سنگھ سیکشن کا افتتاح آج (پیرکو)ہوگا۔سرکاری ذرائع نے اے پی پی کوبتایاکہ لاہورعبدالحکیم موٹروے کے شرقپوررانجھا سیکشن کے افتتاح سے ٹریفک کے دبائو اوربہاو بالخصوص جی ٹی روڈ پربھاری گاڑیوں کے ٹریفک میں نمایاں کمی رونماء ہوگی۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ مسافروں اورکارگو کی نقل وحمل میں بھی اس کا کلیدی کردارہوگا جبکہ ایندھن میں بھی نمایاں کمی آئیگی اورشہریوں کوآرام دہ اورمحفوظ نقل وحمل کی سہولیات فراہم ہوگی۔لاہورعبدالحکیم موٹروے 230کلومیٹرطویل ہے جس پرکل 148ارب روپے کی لاگت آئیگی۔اسی طرح گوجرہ ٹوبہ ٹیک سنگھ سیکشن فیصل آباد ملتان موٹروے کا اہم حصہ ہے، قبل ازیں اسی موٹروے کے فیصل آباد۔گوجرہ(58) اور اورخانیوال ملتان(56کلومیٹر) حصوں کاافتتاح ہوچکاہے۔اس موٹروے کی تکمیل سے فیصل آباد اورملتان کے درمیان سفری سہولیات کوجدید بنانے میں مدد ملیگی۔