بھارت حقیقت پسندانہ طرز عمل اختیا ر کرے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس،ترال میں مکمل ہڑتال

اتوار مئی 17:10

سرینگر27 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل لیے حقیقت پسندانہ اور سیاسی طرز عمل اختیار کرے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس نے یہ بات آج سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں چیئرمین سید علی گیلانی کی صدارت میںمنعقدہ اپنی مجلس شوریٰ کے اجلاس کے دوران بتائی۔

اجلاس کے بعد جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ اجلاس کے شرکا ء نے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں نظر بند کشمیریوں کے ساتھ روا رکھنے جانے والے بہیمانہ سلوک پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔ سید علی گیلانی نے آج سرینگر میں ایک مذہبی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس مذاکراتی عمل کے خلاف نہیں لیکن مذاکرات بامعنی اور نتیجہ خیز ہونے چاہئیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ماضی میں پاک بھارت مذاکرات کے 102ادوار ہوئے جو بے سود ثابت ہوئے۔ تقریب میں دیگر کے علاوہ محمد اشرف صحرائی اور محمد یاسین ملک بھی شریک تھے۔ مشترکہ حریت قیادت نے سرینگر میں ایک بیان میں بھارتی فورسز کی طرف سے جامع مسجد سرینگر میں نمازیوں پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کی شدید مذمت کی۔ میر واعظ عمر فاروق قابض فورسز کے ہاتھوں زخمی افرادکی عیادت کے لیے سرینگر کے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال گئے۔

میر واعظ عمر فاروق نے ایک بیان میں کہا کہ بیشتر افرادآنکھوں میں پیلٹ لگنے سے زخمی ہو ئے ہیں اور وہ ان کی حالت زار دیکھ کر افسردہ ہو گئے۔ دختران ملت اور کشمیر بارایسوسی ایشن نے بھی اپنے بیانات میں نمازیوں پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کی مذمت ۔ بھارتی فورسز نے گزشتہ جمعہ کو سرینگر کی تاریخی جامع مسجد کے اندر پیلٹ اور آنسو گیس کے گولے داغے تھے جس کے نتیجے میں خواتین سمیت کم از کم ساٹھ افراد زخمی ہو گئے تھے۔

دریں اثنا مجاہد کمانڈر سبزار احمد بٹ اور انکے ساتھی فیضان احمد کی شہادت کی پہلی برسی پر آج ضلع پلوامہ کے علاقے ترال میں مکمل ہڑتال کی گئی ۔ دکانیں اور کاروباری مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معطل تھی۔ بھارتی فوجیوں نے سبزار احمد اور فیضان احمد کو2017میں آج ہی کے روز محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا تھا۔ سرینگر میں آج سڑک کے ایک حادثے میں بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے 19اہلکار زخمی ہو گئے۔