سندھ کے ریٹرننگ آفسران کی تربیت کا دوسرا مرحلہ اختتام پذیر ہوگیا

اتوار 27 مئی 2018 17:40

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2018ء) عام انتخابات 2018ء کے لئے کراچی سمیت سندھ بھر کے ریٹرننگ آفیسرز کی تین روزہ انتخابی تربیتی سیشن کا دوسرا مرحلہ کراچی، حیدرآباد اور سکھر میں اختتام پذیر ہوگیا۔ اتوار کے روز کراچی میں صوبائی الیکشن کمشنر سندھ محمد یوسف خان خٹک نے اختتامی تقریب سے خطاب میں کہا کہ ریٹرننگ آفیسرز الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پرسختی سے عملدرآمد کروائیں اور اپنی کارکردگی سے عام انتخابات کو مثالی بنانے میں اہم کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز سمیت تمام ریٹرننگ آفیسرز کو سرکاری گاڑیاں اور دیگر سہولیات دی گئی ہیں جبکہ الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل میں حصہ لینے والوں کو پچھلے انتخابات کی نسبت زیادہ فنڈز دیئے جائیں گے۔ انتخابی تربیتی سیشن میں ریٹرننگ آفیسرز کے ساتھ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز بھی شامل ہوئے۔ الیکشن کمیشن کے تجربے کار ماسٹر ٹرینرز نے ریٹرننگ آفیسرز کو انتخابی تربیتی سیشن کروائے۔ واضح رہے کہ تین روزہ انتخابی تربیتی سیشن مرحلہ وار 31 مئی تک جاری رہے گا۔