ناقص صفائی اور حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر27فوڈ آئوٹ لیٹس سر بمہر ،737کو نوٹسز جار ی

اتوار 27 مئی 2018 17:40

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2018ء) راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ نے ناقص صفائی اور حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر پانچ ماہ میں 27فوڈ آئوٹ لیٹس سر بمہر کر دیئے جبکہ 737کو انتباہی نوٹسز جار ی کر دیے ۔ترجمان راولپنڈی کینٹ بورڈ قیصر محمود نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ کینٹ بورڈ کے شعبہ فوڈ نے انچارج فوڈ برانچ وارث بھٹی کی سربراہی میں رواں برس کے پہلے پانچ ماہ ( جنوری تا مئی 2018)کے دوران کینٹ کے مختلف علاقوں میں حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی ، ناقص صفائی اور مضر صحت اشیاء کی تیاری پر پانچ لاکھ روپے کی کمپوزیشن فیس سمیت 1434,500 روپے جرمانہ بھی کیا جبکہ اس عرصہ میں 1440 فوڈ سیمپلز اکٹھے کر کے لیبارٹری میں تجزیہ کے لیے بھجوائے گئے ۔

اسی طرح غیر معیاری کھانوں کے کیسز کنٹونمنٹ میجسٹریٹ کے عدالت میں بھی بھجوائے گئے جہاں سے خلاف ورزی کے مرتکب دکانداروں کو جرمانے کیے گئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ فوڈ انسپکٹرز نے کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر سید سبطین رضا کی ہدایات پر کینٹ کی مختلف مارکیٹوں صدر ،پشاور روڈ ،قاسممارکیٹ ،چوہڑ ،الہ آباد ،مصریال ،ٹنچ بھاٹہ ،پیپلز کالونی ،چونگی نمبر 22،بکرا منڈی اور دیگر علاقوں میں فوڈ آئوٹ لیٹس پر اچانک چھاپے مار کر کھانے پینے کی اشیاء کا معیار اور صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا ۔

انہوں نے بتایاکہ ناقص صفائی کینٹ میں سٹال ہولڈرز کو بھی جرمانے کیے گئے ۔ایک سوال کے جواب میں قیصر محمود نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ اچانک چھاپوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور فوڈ آئوٹ لیٹس پر صفائی کے معیار کے ساتھ ساتھ کام کرنے والے ورکرز کی صحت کی بھی جانچ پڑتال جاری ہے ۔ایک اور سوال کے جواب میں ترجمان نے اے پی پی کو بتایاکہ مئی میں مختلف فوڈ آئوٹ لیٹس کو 191,000روپے جرمانہ کیا گیا جبکہ 167 کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے 10 فوڈ آئوٹ لیٹس کو سربمہر کیا گیا اور اسی طرح 150 فوڈ سیمپلز حاصل کیے گئے ۔

انچارج فوڈ برانچ وارث بھٹی نے سرکاری خبر رساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ رمضان المبارک میں اشیائے خور ونوش کے معیار کے جانچ پڑتال اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جوکہ دن ایک بجے سے لے کر رات 10بجے مختلف ہوٹلوں ،بیکریوں اور سٹالز پر اشیائے خور ونوش کے معیار کی جانچ پڑتال میں مصروف رہتی ہیں ۔