ْانگلینڈ کے خلاف سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ جیتنے پر قومی کھلاڑیوں کو گورنرسندھ کی مبارک باد

اتوار 27 مئی 2018 18:20

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں 9 وکٹوں سے شاندار کامیابی پر قومی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ لارڈز کے تاریخی میدان میں پوری ٹیم نے بے مثال کارکردگی کا مظاہرہ کیا، بولرز کی شاندار کارکردگی نے انگلینڈ کے بڑے ناموں کو چلنے نہیں دیا، پہلی اننگز میں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کر کے پاکستان کی پوزیشن کو مضبوط کیا، نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم نے کھیل کے ہر شعبہ میں بہترین کارکردگی دکھائی اور کرکٹ کے عظیم ترین گرانڈ پر نروس ہوئے بغیر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

اس کامیابی پر کپتان سرفراز احمد ،کوچ اور تمام کھلاڑی مبارکباد کی مستحق ہیں۔گورنر سندھ نے امید ظاہر کی کہ ٹیم لیڈز کے دوسرے ٹیسٹ اور اسکاٹ لینڈ کے خلاف میچوں میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔