عام انتخابات کے اعلان کے بعد سیاسی جماعتوں نے باقاعدہ اپنی انتخابی مہم کا آغاز شروع کردیا

نئی حلقہ بندیوں کے بعد بلوچستان کے سیاسی رہنمائوں کو ابھی تک پتہ ہی نہیں کہ انکا حلقہ کہاں سے شروع اور کہاں ختم ہوگا

اتوار 27 مئی 2018 18:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2018ء) عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہونے کے بعد اتوار کے روز کوئٹہ میں مختلف سیاسی جماعتوں نے باقاعدہ اپنی انتخابی مہم کا آغاز کردیا ہے جبکہ دوسری جانب بلوچستان کے مختلف حلقہ بندیوں پر جن سیاسی جماعتوں ،قبائلی شخصیات نے اعتراضات کئے ہیں ،وہ ابھی تک ذہنی طورپر انتخابات کیلئے تیار نہیں ہوئے ہیں کیونکہ بہت سے امیدواروں کو ابھی تک یہ معلوم نہیں کہ انکا حلقہ کہاں سے شروع ہوتا ہے اورکہاں ختم ہوتاہے ،حلقہ بندیوں پر اعتراضات مختلف سیاسی جماعتوں اور قبائلی عمائدین نے ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ میں کیس دائرکئے ہیں ،عام انتخابات 25جولائی کو ہونگے اور جلد ہی الیکشن کمیشن انتخابی شیڈول کا اعلان کریں گے ،سیاسی حلقوں میں اتوار کے روز یہ بحث جاری رہی کہ کیا حلقہ بندیوں کا جو اعتراضات سیاسی جماعتوں نے یا قبائلی عمائدین نے اٹھایا ہے وہ الیکشن شیڈول سے پہلے حل ہوں گے یا نہیں کیونکہ 31مئی کو موجودہ اسمبلیاں اپنی مدت پوری کرنے کے بعد تحلیل ہوجائیں گے اور یکم جو ن کو نگراں سیٹ اپ حلف اٹھائے گا اگر انتخابی شیڈول سے پہلے بلوچستان ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ میں زیر سماعت حلقہ بندیوں پر اعتراضات کے بارے میں کوئی فیصلہ نہ ہوسکا تو کیا بلوچستان میں مقررہ وقت پر انتخابات ہوسکیں گے یا جنہوں نے حلقہ بندیوں پر اعتراضات اٹھائے ہیں وہ انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے ،بلوچستان میں انتخابات کے دوران بہت سے مسائل کا امیدواروں کا سامنا ہوگا ،کیونکہ نئی حلقہ بندیاں ایسی بنائی گئی ہے کہ کئی سیاست دان جن کی آپس میں دشمنیاں ہیں وہ بھی نئی حلقہ بندیوں کے بعد ایک دوسرے کے سامنے کھڑے ہوجائیں گے جس سے امن وامان کی صورتحال سمیت دیگر مسائل کھڑے ہوسکتے ہیں ۔