فاٹا بل کی مخالفت کے بعد پشتون قوم پرستوں اور مذہب پرستوں کا چہرہ عوام کے سامنے بے نقاب ہوگیا ہے،لالہ یوسف خلجی

اتوار 27 مئی 2018 18:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پاٹی بلوچستان کے صوبائی رہنما لالہ یوسف خلجی نے فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ فاٹا بل کی مخالفت کے بعد پشتون قوم پرستوں اور مذہب پرستوں کا چہرہ عوام کے سامنے بے نقاب ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پاکستان کی پہلی جماعت ہے جس نے فاٹا سے ایف سی آر کے خاتمے کا مطالبہ کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بنانے اور بچانے میں پختون قبائلی عوام کا کردار سب سے زیادہ اہم اور نمایاں ہے فاٹا کی عوام پاکستان کی سرحدوں کی ہمیشہ سے محافظ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی اور سینٹ سے فاٹا کو خیبر پختونخوا میں انضمام سے متعلق بل کی منظوری خوش آئند ہے جس سے فاٹا کے عوام کو وہ تمام قانونی حقوق حاصل ہونگے جو ملک کے دیگر شہریوں کو حاصل ہیں ۔

(جاری ہے)

لالہ یوسف خلجی نے کہا کہ فاٹا کاخیبر پختونخوا میں انضمام فاٹا کے قبائل کا دیرینہ مطالبہ تھا جو قومی اسمبلی اور سینٹ میں بل پاس ہونے سے پورا ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں فاٹا انضمام بل کی مخالفت کے بعد پشتون قوم پرست اور مذہب پرستوں کا اصل چہرہ عوام کے سامنے بے نقاب ہوگیا ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف قبائلی عوام نے بہت قربانیاں دی ہیں جو رائیگاں نہیں جائیں گی ہم فاٹا بل قومی اسمبلی اور سینٹ سے پاس ہونے پر قبائلی عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہیںاور پشتون قوم پرستوں اور مذہب پرستوں کی جانب سے بل کی مخالفت کرنے پر انکی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور عوم سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ آئندہ الیکشن میں نام نہاد پشتون قوم پرستوں اور مذہب پرستوں کا ووٹ کے ذریعے احتساب کریں ۔