ْواٹر کمیشن گھاس منڈی ،سرجانی اور کیماڑی تاراچند روڈ میں پانی کی قلت کا نوٹس لے : پاسبان

سرجانی سیکٹر 7/Cمیں پانی کی قلت پر واٹر بورڈ کی اعلیٰ انتظامیہ کو شکایت پرکوئی شنو ائی نہیں ہوئی : محمد نعیم ْ پاسبان آج واٹر کمیشن کے سربراہ جسٹس (ر) امیر ہانی مسلم کو تحریری درخواستیںجمع کرائے گی

اتوار 27 مئی 2018 18:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2018ء) پاسبان کراچی کے رہنما محمد ایوب ،پاسبان گھاس منڈی کے صدر محمد سردار احمد صدیقی، جنرل سیکریٹری محمد یوسف منصوری ،سرجانی سیکٹر 7/Cکے صدر محمد نعیم اور جنرل سیکریٹری مقصود خان ،کیماڑی کے آرگنائز اسلم شاہ ،ڈاکٹر فیاض اور طاہر شاہ نے سربراہ واٹر کمیشن جسٹس (ر) امیر ہانی مسلم سے استدعا کی ہے کہ وہ گھاس منڈی اولڈ سٹی ایریا ،سرجانی سیکٹر 7/Cاور کیماڑی تاراچند روڈ میں پانی کی قلت کا نوٹس لیں ۔

پاسبان رہنمائوں نے اخبارات کو جاری کردہ مشترکہ بیان میں کہا کہ گھاس منڈی، صدیق وہاب روڈ ، عائشہ اسکوائر، عارفین منزل فاطمہ گھانچی میسن جناح آباد ،غلام نبی کمپائونڈ ،ملت نگر ،صالح محمد کمپائونڈ ،شاہ جی عیسٰی اپارٹمنٹ ،صدیق وہاب روڈ گلی نمبر 4،گلی نمبر 2،ثریا منزل ،جناح آباد ،پنجارہ پاڑہ ،پراناحاجی کیمپ ،دھرمسی واڑہ کے علاقے گذشتہ 5سال سے پانی کی بدترین قلت کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح سرجانی سیکٹر7/Cکے علاقے،L ایریا ،Rایریااور N ایریا کے مکانوں اور گلیوںمیں عرصہ دوسال سے پانی کی لائنوں میں پانی نہیں آرہا۔ جس کی اطلاع متعدد بار علاقہ ایکسئین اور واٹر بورڈ کے شکایتی سیل 1339پربھی علاقہ مکین دے چکے ہیں مگر تاحال پانی کی لائنوں میں سپلائی اور ٹوٹی ہوئی لائنوں کی مرمت کے لئے کسی قسم کے عملی اقدامات نہیں کئے گئے جبکہ کیماڑی تارا چند روڈ کے بلاک 33سے 45تک کے مکین بھی عرصہ سے پانی کی قلت کا شکار ہیں ۔

کیماڑی میں 1962میں 24انچ کی لائن ڈالی گئی تھی جس پر سیاسی رہنمائوں نے اپنی اجارہ داری قائم کرکے اس لائن میں اپنی مرضی سے مزیداضافی وال لگوادیئے اور اپنے من پسند علاقوں میں پانی کی سپلائی کے لئے تاراچند روڈ کو جانے والے پانی کو روک دیا ۔ کیماڑی کے پانی کے اس مسئلے کو باآسانی حل کیا جاسکتا ہے جس کے لئے بلاک 33سے 45تک کے عوام کو تارا چند روڈ سے گزرنے والے پانی کی 12انچ لائن سے 4انچ کی برانچ لائنیں کے ذریعے گلیوں کوپانی فراہمی کی جائے اور اور مین وال کی تین چوڑی کے بجائے مزیداضافی چوڑی کھول دی جائیں ۔ پاسبان ،گھاس منڈی ،سرجانی اور کیماڑی میں پانی کی قلت کے مسئلے پر واٹر کمیشن کو تحریری درخواست آج پیر کو جمع کرائے گی ۔