پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں گذشتہ ہفتے بھی کاروباری اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہا، سرمایہ کاری مالیت میں 90 ارب روپے سے زائد کا اضافہ

اتوار 27 مئی 2018 18:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2018ء) پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں گذشتہ ہفتے بھی کاروباری اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہا لیکن تین ہفتوں بعد مجموعی طور پر گزشتہ ہفتہ کے دوران تیزی غالب رہی اور کے ایس ا ی100انڈیکس میں 450پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس 42ہزار پوائنٹس کی حد بحال ہوگیا جب کہ کاروباری تیزی کے سبب مارکیٹ کا سرمایہ 90ارب روپے بڑھ گیاجس کے سبب سرمائے کا مجموعی حجم 87کھرب روپے سے تجاوز کر گیا۔

کاروبار کے لحاظ سے فوجی سیمنٹ ،پاک الیکٹرون ،اینگرو پولیمر ،فوجی فوڈز ،بینک آف پنجاب ،ٹی آر جی پاک لمیٹڈ ،یونٹی فوڈز لمیٹڈ ،فیصل بینک ،بائیکو پیٹرولیم،فرسٹ دائود بینک ،پاور سیمنٹ ،سوئی نادرن گیس ،سوئی سدرن گیس ،یونائیڈ بینک ،میٹکو فوڈز لمیٹڈ ،پرویز احمد ،لوٹے کیمیکل ،کے الیکٹرک لمیٹڈ ،میڈیا ٹائمز لمیٹڈ اور ورلڈ کال ٹیلی کا م سر فہرست رہے ۔

(جاری ہے)

پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں گذشتہ ہفتے کاروبار کا آغاز مثبت ہوا اور مسلسل مندی کے نتیجے میں شیئرز کے نرخ پرکشش سطح پرموجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سرمایہ کاروں نے خریداری کی جس کے نتیجے میںمسلسل 3روز تیزی رہی اور اس تین روزہ تیزی سے انڈیکس میں 1148.73پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیاتاہم بعد ازاں عبوری وزیر اعظم کے اعلان میں تاخیر پر سیاسی لحاظ سے بے یقینی کی کیفیت بڑھنے کے باعث مارکیٹ سے سرمایہ نکالنے کا رجحان دیکھنے میں آیا جس سے آخری دو روز مندی رہی اور 2روزہ مندی سے انڈیکس 698.16پوائنٹس لوز کر گیا ۔

گذشتہ ہفتے ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100انڈیکس 43059.83پوائنٹس کی بلند اور 41587.97پوائنٹس کی پست سطح پر بھی یکھا گیالیکن اس اتار چڑھاؤ میں تیزی غالب رہی ۔اسٹاک تجزیہ کاروں کے مطابق مارکیٹ اس وقت شدید ترین کاروباری اتار چڑھائو کا شکار ہیں ،منافع کی خاطر فروخت کا دبائو بڑھنے اور ساتھ ہی سرمائے کے انخلاء جیسی صورتحال سے مارکیٹ مندی کا شکار ہو جاتی ہے جبکہ مقامی انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے سرمایہ کاری مندی کے اثرات کو زائل تو کر دیتی ہے ۔

پاکستان اسٹاک ایکس چینج کی ہفتہ وار کارکردگی رپورٹ کے مطابق گذشتہ ہفتے کے ایس ا ی100میں 450.57پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس 41623.52پوائنٹس سے بڑھ کر 42074.09پوائنٹس ہو گیا اسی طرح 306.30پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای30انڈیکس 20313.90پوائنٹس سے بڑھ کر20620.20پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 30397.72پوائنٹس سے بڑھ کر 30718.71پوائنٹس پر جا پہنچا ۔

کاروباری تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 90ارب64کروڑ46لاکھ7ہزار36روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے سرمائے کا مجموعی حجم 86کھرب40ارب 80کروڑ8لاکھ 68ہزار675روپے سے بڑھ کر87کھرب31ارب 44کروڑ54لاکھ 75ہزار711روپے ہو گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے زیادہ سے زیادہ7ارب روپے مالیت کے 14کروڑ8لاکھ45ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ کم سے کم 3ارب روپے مالیت کے 8کروڑ84لاکھ58ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے ۔

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے مجموعی طور پر 1677کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 769کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،815میں کمی اور 93کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔اسٹاک ماہرین کے مطابق سیاسی افق پر چھائی غیر یقینی صورتحال سرمایہ کاروں کو محدود کر رہی ہے آئندہ دنوں بھی مارکیٹ میں اتار چڑھائو کا رجحان دیکھا جا سکتا ہے۔