سرتاج عزیز کا پاکستان اورافغانستان کے درمیان سڑکوں اور ریل نیٹ ورکس کی تعمیر پر توجہ مرکوزکرنے کی ضرورت پرزور

اتوار مئی 18:20

اسلام آباد۔27 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 مئی2018ء) منصوبہ بندی کمیشن کے ڈپٹی چئیرمین سرتاج عزیزنے پاکستان اورافغانستان کے درمیان سڑکوں اورریل نیٹ ورکس کی تعمیر پر توجہ مرکوزکرنے کی ضرورت پرزوردیتے ہوئے کہاہے کہ اس کے نتیجے میں دونوںممالک کو برآمدات کے شعبے میں استعدادکار اورامکانات سے استفادہ کرنے کے مواقع حاصل ہوں گے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہارافغانستان کے صدر کے مشیربرائے بنیادی ڈھانچہ وٹیکنالوجی ڈاکٹرہمایوں قیومی کی قیادت میں افغان وفد سے ملاقات میں کہی۔

افغان وفد سے گفتگو میں سرتاج عزیز نے کہاکہ علاقائی رابطوں میں بہتری سے خطے میں ترقی اوربرھوتری کے اہداف حاصل کئے جاسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان افغانستان کومختلف شعبوں میں بامعنی تعاون دینے کیلئے تیارہے تاہم انہوں نے اس بات پرزوردیاکہ باہمی تجارتی تعلقات کووسعت دینے اوردوطرفہ تجارت کو بڑھانے کیلئے رابطوں کومربوط بنانا ضروری ہے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں دونوں فریقوں نے اقتصادی تعاون، تجارت، توانائی اوررابطوں کو فروغ دینے سے متعلق معاملات کاجائزہ لیا۔۔سرتاج عزیز نے کہاکہ افغان عوام کئی عشروں سے جنگ کی وجہ سے متاثررہے ہیں اور اقتصادی وسماجی شعبوں کی تیزترترقی ان کا حق ہے۔ملاقات میں دونوں ممالک کے ذیلی گروپوں کے درمیان ملاقاتوں کو باضابطہ اورباقاعدہ بنیادوں پرمنعقد کرانے پر اتفاق ظاہرکیاگیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ اقتصادی تعاون گروپ کا اجلاس رواں سال ستمبر میں منعقد ہوگا اورذیلی ورکنگ گروپ اس اجلاس کیلئے امور اورایجنڈاکو حتمی شکل دیں گے۔