فاٹا کے انضمام کا بل کا پاس ہو نا سیاسی جماعتوں کا تاریخی کارنامہ ہے،میاں محمد اسلم

جماعت اسلامی نے سب سے پہلے فاٹا کو خیبر پختونخوا کا حصہ بنانے اور انگریز کے ڈیڑھ سو سالہ غلامانہ قانون کے خاتمہ کی تحریک شروع کی

اتوار 27 مئی 2018 18:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2018ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کے بل کے سینیٹ سے بھاری اکثریت کے ساتھ پاس ہونے پر فاٹا کے عوام اور سیاسی ورکرز کو مبارکباد دی ہے،انھوں نے کہا فاٹا کے انضمام کا بل کا پاس ہو نا سیاسی جماعتوں کا تاریخی کارنامہ ہے ، جماعت اسلامی نے سب سے پہلے فاٹا کو خیبر پختونخوا کا حصہ بنانے اور ایف سی آر کے انگریز کے ڈیڑھ سو سالہ غلامانہ قانون کے خاتمہ کی تحریک شروع کی جس کے نتیجہ میں جماعت اسلامی کے کارکنان کو قید و بند کی صعوبتوں سے بھی گزرنا پڑا ۔

ان کے گھروں کو مسمار کیا گیا اور انہیں پولٹیکل انتظامیہ کی طرف سے ہراساں کرنے کے مختلف حربے آزمائے گئے مگر ہمارے کارکنان اللہ کی نصرت اور مدد کے بھروسے سے ہر میدان میں ڈٹے رہے اور آج ہم قوم کے سامنے سرخرو ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے یو نین کو نسل بوکڑہ میںافطار پارٹی سے خطاب کر تے ہو ئے کیا اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی اسلام آباد محمد کاشف چوہدری اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

میاں محمد اسلم نے کہا وفاقی حکومت قبائلی علاقوں کو ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لانے اور قبائلی عوام کو تعلیم صحت روزگار کی سہولتیں دینے اور بنیادی انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے آنے والے پانچ بجٹس میں خصوصی پیکیج دے ۔ قبل ازیں رمضان کی فضیلت پر گفتگو کر تے ہو ئے انھوں نے کہا آج ضرورت اس امر کی ہے کہ قوم اپنا محاسبہ کرے اور خود احتسابی کے بعد ایسی قیادت کا انتخاب کرے جو امت کے اجتماعی مسائل کا ادراک اور انہیں حل کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھنے والی ہو ۔

انہوںنے کہاکہ 2018 ء کے انتخابات قوم کے پاس بہترین موقع ہیں کہ وہ چوروں اور لٹیروں کی بجائے دینی جماعتوں کے دیانتدار اور باکردار امیدواروں کو ووٹ دے ۔ انہوں نے کہاکہ امت مسلمہ کی قیادت متحد ہو کر ہی مسائل کی د لدل سے باہر نکل سکتی ہے ۔