فرنچ اوپن ٹینس، ایلینا سویٹولینا، مکارووا، سٹرائیکووا، کورنیٹ اور کونٹاویت فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے ویمنز سنگلز دوسرے رائونڈ میں پہنچ گئیں

اتوار 27 مئی 2018 20:00

پیرس۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2018ء) ایلینا سویٹولینا، ایکا مکارووا، بربورا سٹرائیکووا، علیزے کورنیٹ، کونٹا ویت، بریڈی اور سٹیفنز فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے سال کے دوسرے گرینڈسلام ٹینس ٹورنامنٹ فرنچ اوپن ویمنز سنگلز دوسرے رائونڈ میں پہنچ گئیں۔

(جاری ہے)

اتوار کو فرانس میں شروع ہونے والے میگا ایونٹ کے ابتدائی روز ویمنز سنگلز ایونٹ کے سلسلے میں کھیلے گئے پہلے رائونڈ میچز میں یوکرینی کھلاڑی ایلینا سویٹولینا نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلوی کھلاڑی الیجا کو 7-5 اور 6-3 سے ہرا کر دوسرے رائونڈ میں جگہ بنائی، فرانس کے علیزے کورنیٹ بھی پہلی آزمائش میں کامیاب رہیں، انہوں نے اٹلی کی سیرا ایرانی کو شکست دی، روسی کھلاڑی ایکامکارووا نے چین کی شوئی زانگ کو ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا، جمہوریہ چیک کی بربورا سٹرائیکووا پہلی رکاوٹ عبور کرنے میں کامیاب رہیں، انہوں نے جاپانی کھلاڑی کرومی نارا کو شکست فاش سے دوچار کیا۔

دیگر کھیلے گئے میچز میں امریکہ کی سیلونی سٹیفنز اور بریڈی کامیاب رہیں۔