بنگلہ دیش کا افغانستان کے خلاف شیڈول ٹی ٹونٹی سیریز تک کورٹنی والش کو کوچ برقرار رکھنے کا فیصلہ

اتوار مئی 20:00

ڈھاکہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 مئی2018ء) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے آئندہ ماہ افغانستان کے خلاف شیڈول ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز تک کورٹنی والش کو عبوری کوچ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

بنگلہ دیشی ٹیم گزشتہ برس اکتوبر سے ہیڈکوچ کے بغیر ہے، بنگلہ دیش نے مارچ میں سری لنکا میں کھیلی گئی سہ ملکی ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے والش کو عبوری کوچ مقرر کیا تھا تاہم اب وہ افغانستان کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں بھی ٹیم کی کوچنگ جاری رکھیں گے۔

بنگلہ دیش اور افغانستان کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز 3 سے 7 جون تک بھارت میں کھیلی جائے گی۔ کورٹنی والش نے اپنے بیان میں کہا کہ افغانستان ٹی ٹونٹی کی بہترین ٹیم ہے اس کے خلاف سیریز جیتنے کیلئے ٹیم کے ہر کھلاڑی کو کھیل کے تینوں شعبوں میں سو فیصد کارکردگی دکھانا ہو گی۔