یوگنڈا؛بس اور ٹریکٹر میں خوفناک تصادم،16 بچوں سمیت 48 ہلاک

4زخمیوں کی حالت تشویشناک،حادثہ ٹریکٹر کی ہیڈ لائٹس بند ہونے کیوجہ سے پیش آیا،پولیس

اتوار 27 مئی 2018 20:10

کمپالا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مئی2018ء) افریقی ملک یوگنڈا میں ایک ٹریفک حادثے میں 16 بچوں سمیت 48 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افریقی ملک یوگنڈا میں مسافر بس مخالف سمت سے آنے والے ٹریکٹر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں بس میں سوار 48 مسافر ہلاک ہوگئے ہیں۔ہلاک ہونے والوں میں 16 بچے بھی شامل ہیں۔ٹریکٹر میں سوار افراد زخمی ہیں۔

(جاری ہے)

مسافر بس ٹریکٹر سے ٹکرانے کے بعد ایک اور ٹرک سے جا ٹکرائی جس کیوجہ سے ٹرک الٹ گیا اور ٹرک میں سوار 8 افراد بھی شدید زخمی ہوگئے۔ریسکیو ادارے نے امدادی کارروائی کرتے ہوئے لاشوں اور زخمی افراد کو اسپتال منتقل کردیا ہے،جہاں 4 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثہ ٹریکٹر کی ہیڈ لائٹس بند ہونے کیوجہ سے پیش آیا،اسپتال میں 48 افراد کی لاشیں لائی گئی ہیں،جبکہ 16 افراد کو زخمی حالت میں لایا گیا ہے۔پولیس نے مسافر بس،ٹریکٹر اور ٹرک کو تحویل میں لے کر حادثے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔یہ حادثہ یوگنڈا کے دارالحکومت کمپالا سے شمال میں 220 کلومیٹر کی دوری پر کیریان ڈونگو کے مقام پر پیش آیا۔