25 جولائی کا سورج پیپلز پارٹی کی فتح کی نوید لیکر طلوع ہو گا ،فرخندہ ملک

اتوار 27 مئی 2018 20:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کی انفارمیشن سیکرٹری فرخندہ ملک نے کہا ہے کہ25 جولائی2018 کا سورج پیپلز پارٹی کی فتح کی نوید لیکر طلوع ہو گا ،پاکستان پیپلز پارٹی نظریاتی سیاست کی قائل ہے اور نظریاتی سیاست کو پروان چڑھا کر ملک سے غربت ،جہالت، انتہا پسندی اوردہشت گردی کا خاتمہ کرے گی اور الیکشن جیت کر ملک کو ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے انتخابی ،عدالتی ،معاشی ،تعلیم اور صحت کے نظام سمیت دیگر شعبوں میں اصلاحات لائے گی جس سے عوام کا معیار زندگی بلند ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایک افطار پارٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی تاریخ شہادتوں سے عبارت ہے،پارٹی قائدین اور کارکنوں نے ملک میں جمہوریت کیلئے ہمیشہ اپنا لہو دیا،ملک میں جمہوریت کیلئے جیل کی صعوبتیں کاٹیں، قربانیاں دیں ہیں لیکن کبھی اصولوں پر سودے بازی نہیں کی۔

(جاری ہے)

آنے والا دور پیپلز پارٹی کا ہے اوربلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی 2018کے انتخابات میں ملک بھر سے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے حکومت بنائے گی،ہمارے قائدین کا مقصد پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو ختم کرنے کی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہوگی،محترمہ بے نظیر بھٹونے مشکل وقت میں پیپلزپارٹی کی باگ ڈور سنبھالی، جب بی بی کو شہید کیا گیاتو آصف علی زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگا اور اب بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی متحد ہے ، پیپلزپارٹی کے قائدین نے اپنے خون سے جمہوریت کو پروان چڑھایا،ملک میں آئندہ حکومت پیپلز پارٹی بنائے گی اور اپنے قائدین کے ویژن کے مطابق عوام کی بے لوث خدمت کرے گی۔