سندھ کے نگران وزیراعلیٰ کے معاملے پر سندھ حکومت اور اپوزیشن میں ڈیڈلاک برقرار

اتوار 27 مئی 2018 20:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مئی2018ء) سندھ کے نگران وزیراعلیٰ کے معاملے پر سندھ حکومت اور اپوزیشن میں ڈیڈلاک برقرار ہے،آج سندھ اسمبلی کے آخری روز بھی اتفاق نہ ہوسکا تو معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں جائے گا جبکہ اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن پہلے ہی حکومت کے تجویز کردہ ناموں پر اتفاق نہ کرنے کا عندیہ دے چکے ہیں۔تفصیلات کے مطابق 2018ء کے عام انتخابات کے لئے سندھ کے نگران وزیراعلیٰ کے نام پر حکومت اور اپوزیشن کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے۔

(جاری ہے)

آج سندھ اسمبلی کا آخری روز ہے اگر آج بھی اتفاق نہ ہوسکا تو سندھ کے نگران وزیراعلیٰ کا معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے سپرد کردیا جائے گا جو3دن میں فیصلہ کرے گی۔تاہم اگر پارلیمانی کمیٹی میں بھی کسی نام پر اتفاق نہ ہوسکا تو الیکشن کمیشن حکومت اور اپوزیشن کے تجویز کردہ ناموں میں سے کسی ایک کو وزیراعلیٰ سندھ تعینات کردے گا۔اپوزیشن اپنے تجویز کردہ ناموں میں سے کسی نام پر اتفاق کرنے پر بضد ہے اور حکومت کے تجویز کردہ ناموں پر اتفاق کرنے سے انکار کر چکی ہے جبکہ وزیراعلیٰ سندھ آصف علی زرداری کی ہدایات کی روشنی میں حکومت کے تجویز کردہ امیر سومرو اور ڈاکٹر یونس سومرو میں سے کسی نام پر اپوزیشن کو قائل کرنے کے لئے کوشاں ہی۔