ملک بھر میں (آج)یوم تکبیر ملی جوش و جذبے سے منایا جائیگا

ذوالفقارعلی بھٹو سے لے کر نوازشریف تک سب کی دن رات کی تگ و دو سے پاکستان28مئی کو دنیا کے نقشے پر ایٹمی طاقت بن کر ابھرا 2025ء تک پاکستان دنیا کی پانچویں سب سے بڑی نیوکلیئر طاقت بن سکتا ہے ،رپورٹ

اتوار 27 مئی 2018 20:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مئی2018ء) پاکستان بھر میں(آج) 28مئی کو یوم تکبیرملی جوش و جذبے سے بھرپور انداز میں منایا جائیگا ،اس روز پاکستان دنیا کے نقشے پر ایٹمی طاقت بن کر ابھرا ،ملک کو ایٹمی قوت بنانے میں ذوالفقارعلی بھٹو سے لے کر سابق وزیراعظم نوازشریف تک سب نے دن رات کام کیا۔تفصیلات کے مطابق 28مئی1998ء کو جب ایٹمی دھماکے کئے گئے اس وقت پوری دنیا ششدر رہ گئی ، ذوالفقارعلی بھٹو کا خواب جس کی تعبیر ان کے ازلی دشمن جنرل ضیاء الحق نے دی جبکہ تکمیل جنرل ضیاء الحق کے منہ بولے بیٹے اور بھٹو خاندان کے دشمن نوازشریف کے ہاتھوں ہوئی۔

اس حوالے سے نامور سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے انکشاف کیا تھا کہ نوازشریف اور اس وقت کے وزیرخزانہ سرتاج عزیز ایٹمی دھماکوں کے حوالے سے کسی صورت پر راضی نہیں تھے بعد ازاں خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کو دیکھ کر ایٹمی دھماکے کرنے پر نوازشریف راضی ہو گئے ۔

(جاری ہے)

28مئی کو یوم تکبیر کے نام سے منایا جارہا ہے اس منانے کے لئے ہمیں سب سے بڑا موقع بھارت نے خود فراہم کیا ہے ۔

ایک رپورٹ کے مطابق بھارت کا جنگی جنون خطے کے لئے شدید نقصان دہ ہے اور ہر سال اربوں ڈالرز اسلحہ کی دوڑ میں جھونک کر خطے کے توازن کو بگاڑ رہا ہے۔دنیا میں اس وقت سب سے زیادہ جوہری ہتھیار اور مواد روس اور امریکہ کے پاس ہیں یہ دونوں ممالک 5سے 6ہزار ایٹمی ہتھیاروں سے لیس ہیں ، فرانس کے پاس 300، چین 250، برطانیہ225 ، اسرائیل80ایٹمی ہتھیار کا مالک ہے جبکہ بھارت کے پاس 100اور پاکستان کے پاس120 تک جوہری ہتھیار موجود ہیں اس کے علاوہ پاکستان چھوٹے ایٹمی ہتھیاروں سے بھی لیس ہے جس نے بھارت کے اس منصوبے کو جو کولڈ سٹارٹ ڈاکٹرائن کہلاتا ہے ،بین الاقوامی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے پاس110سی130جوہری بموں کا ذخیرہ ہے اور اسلحہ کی دوڑ میں پاکستان اسی طرح چلتا رہا تو 2025ء تک پاکستان دنیا کی پانچویں سب سے بڑی نیوکلیئر طاقت بن سکتا ہے ۔