قومی رازوں کا افشاء ‘حلف اور ملک سے غداری ہے ‘ گجراتی قومی موومنٹ

نوازشریف کا بیانیہ اور اسد درانی کی کتاب پاکستانی مفادات کیلئے خطرناک ہیں ‘ عرفان پٹی قومی مفادات کو ضرب اوربھارتی مفادات کو تقویت پہنچانیوالوں کو نشان عبرت بنایا جائے،بیا ن

اتوار مئی 20:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 مئی2018ء) گجراتی قومی موومنٹ کے چیئرمین عرفان پٹی والا ‘ سینئر وائس چیئرمین طارق صدیقی اور رہنما شعبہ خواتین ارم رحیم عبداللہ نے آفیشنل سیکریٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارتی انٹیلی جنس ایجنسی ’’را ‘‘ کے چیف کیساتھ مل کر کتاب لکھنے والے سابق آئی ایس آئی چیف اسد درانی کے کورٹ مارشل کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نااہل وزیراعظم کے ممبئی حملوں میں پاکستان کے نان اسٹیٹ ایکٹرز کے ملوث ہونے کے بیانیہ نے پاکستان کو جن عالمی مشکلات سے دوچار کیا ہے اسد درانی کی کتاب نے ان میں مزید اضافہ کرنے کے ساتھ نوازشریف کی بیانہ اور بھارتی مؤقف کو مضبوط کیا ہے۔

عرفان پٹی والا نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے اپنی وزارت عظمیٰ کے منصب کے دوران ہونیوالے بعض قومی راز افشاء کرکے پاکستانی مفادات کو زک اور بھارتی مفادات کو تقویت پہنچائی ہے اور سابق آئی ایس آئی چیف نے بھی ایسا ہی کارنامہ انجام دیا ہے ۔

(جاری ہے)

اس سے بادی النظر میں یہی عندیہ ملتا ہے کہ ایک طے شدہ منصوبہ بندی کے تحت ملک کے عسکری ادارے کے ایسے معاملات دنیا کے سامنے لائے جارہے ہیں جس سے اسکے تشخص‘ وقار اور پیشہ ورانہ مہارت پر زد پڑ سکتی ہواسلئے اس سنگین معاملہ کا مکمل کھوج لگا کر تہہ تک پہنچنے اور قومی رازوں کو افشاء کرکے قومی مفادات کو نقصان پہنچانے والوں کو عبرتناک انجام سے دوچار کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں پھر کوئی دانستہ یا نادانستہ طور پر ایسی حرکت کا ارتکاب تو دور تصور تک نہ کرسکے !