ہم نے عوام کی خدمت کی جبکہ سیاسی مخالفین نے عوام کو مایوس کیا ہے

عوام کی خدمت نعروں سے نہیں ہوتی مٹی کے ساتھ مٹی ہونا پڑتا ہے،وزیراعلیٰ پنجاب سے وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق کی ملاقات

اتوار 27 مئی 2018 20:40

لاہور۔27 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے یہاں وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے ملاقات کی۔محمد شہباز شریف نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا5سالہ دور ترقی ، خوشحالی اور شفافیت سے عبارت ہے۔ہم نے وسائل کو امانت سمجھ کر عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا ہے اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی شفاف پالیسیوں کا اعتراف عالمی سطح پربھی کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سی پیک کے منصوبوں نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کی مضبوط بنیاد رکھ دی ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ عوام کی خدمت خالی نعروں سے نہیں ہوتی بلکہ مٹی کے ساتھ مٹی ہونا پڑتا ہے۔ عوام کی ترقی وخوشحالی کے سفر میں رخنہ ڈالنے والے عناصرسیاسی طور پر تنہا ہو چکے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی کارکردگی کے عوام بھی معترف ہیں۔ہم نے عوام کی خدمت کی جبکہ سیاسی مخالفین نے عوام کو مایوس کیا ہے۔جب تک جان میں جان ہے عوام کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ محمد شہباز شریف کے ترقیاتی کام اپنی مثال آپ ہیں اورترقیاتی منصوبوں میں اربوں روپے کی بچت کا کریڈٹ شہباز شریف کی بصیرت افروز قیادت کو جاتا ہے۔