Live Updates

خیبرپختونخوااسمبلی نے فاٹا انضمام بل دوتہائی اکثریت سے منظورکرلیا

اتوار 27 مئی 2018 21:00

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2018ء) خیبرپختونخوااسمبلی نے فاٹا کوصوبے میں ضم کرنے سے متعلق بل کو دوتہائی اکثریت سے منظورکرلیا۔بل کی حمایت میں92جبکہ مخالفت میں جے یوآئی کی7ووٹ اراکین نے ووٹ دئیے ،تحریک انصاف کے علاوہ مسلم لیگ ن، جماعت اسلامی ،پیپلزپارٹی،عوامی نیشنل پارٹی،قومی وطن پارٹی نے بل کی حمایت کی ۔خیبرپختونخوااسمبلی کااجلاس سپیکراسدقیصرکے زیرصدارت شروع ہوا تو اجلاس کے آغاز پر ملاکنڈڈویژن سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی نے بل کے متعلق تحفظات کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ پاٹاکی موجودہ حیثیت کونہ چھیڑاجائے ، ٹیکس استثنیٰ کو دس سال دئیے جائیں جوقابل توسیع ہوں اسی طرح نظام عدل ریگولیشن کو مستقل آرڈیننس یا ایکٹ کی شکل میں منظورکرایاجائے اورفاٹاکی طرح ملاکنڈڈویژن کے سات اضلاع کیلئے بھی سو ارب روپے کاخصوصی پیکج دیاجائے فاٹا کو خیبرپختونخوامیں ضم کرنے کے حوالے سے قومی اسمبلی وسینٹ پہلے ہی دوتہائی اکثریت سے منظوری دے چکی ہے ،خیبرپختونخوااسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے منحرف اراکین اسمبلی نے بھی بل کی حمایت میں ووٹ دیے ۔

(جاری ہے)

بل صوبائی وزیر قانون امتیازشاہدقریشی نے آئین کے آرٹیکل239کی ذیلی شق4کے تحت پیش کیا جس کے بعد اراکین اسمبلی نے دستخط کردیئے۔ جے یوآئی اراکین نے مخالفت اور دیگرسیاسی جماعتوں نے حمایت میں حق رائے دہی استعمال کیا۔قبل ازیں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈرعنایت اللہ نے کہاکہ تمام جماعتیں روزاول سے ایف سی ارکے خلاف ہیں ، فاٹاکے عوام نے جوسختیاں جھلیں آج ان کے مداوے کاوقت آگیاہے ۔

تحریک انصاف کے ڈاکٹرحیدر نے کہاکہ ملاکنڈڈویژن کے عوام فاٹاکے عوام کو اپنے ساتھ ملنے پر خوش آمدیدکہتے ہیں اے این پی کے سرداربابک نے بل کوخوش آمدیدکہتے ہوئے کہاکہ فاٹاکے عوام خیبر پختونخواحصہ بن کر صوبے کی ترقی میں اپناحصہ ڈالیں گے ، صوبائی وزیرشاہ فرمان نے کہاکہ ان کی سیاسی جماعت روز اول سے فاٹااصلاحات کے حامی ہیں ہم تمام پختونوں کوایک پلیٹ فارم پر ملانا چاہتے ہیں اور بہت جلد افغانستان کے پشتون بھی ہمارے ساتھ مل جائینگے ، قومی وطن پارٹی کے سکندرشیرپائو نے کہاکہ ماضی میں فاٹااصلاحات کے کئی مواقعوں کو ضائع کیاگیاآج تاریخ ساز دن ہے ،ن لیگ سرداراورنگزیب نلہوٹھا نے کہاکہ طویل جدوجہد کے بعد فاٹاکے عوام کواپناحق ملاہے ، فاٹا کے عوام مبارکبادکے مستحق ہیں ان مسلم لیگ ن کے دور میں اتنی بڑی کامیابی پورے پاکستان کی کامیابی ہے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات