لوگ ملک بھر میں مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں کے حق میں ووٹ دینے کا اپنا حق استعمال کریں گے،شائستہ پرویز ملک

اتوار 27 مئی 2018 21:00

اسلام آباد۔27 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما و رکن قومی اسمبلی شائستہ پرویز ملک نے کہا ہے کہ لوگ ملک بھر میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں کے حق میں ووٹ دینے کا اپنا حق استعمال کریں گے جنہوں نے پورے ملک میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اتوار کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں کے خلاف ایک حکمت عملی کا استعمال کرتے ہوئے ان کے ووٹ بنک کو متاثر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن ملک کی سب سے بڑی اور مقبول ترین سیاسی جماعت کے ووٹ بنک کو متاثر نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کا اقامے کے ساتھ کوئی تعلق نہیں بلکہ لوگوں کو اپنے حلقوں میں ہونے والی تعمیروترقی اور خوشحالی سے واسطہ ہے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نمائندے ملک بھر میں اپنے اپنے حلقوں میں تعمیروترقی کا یہ سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی روز بروز بڑھتی ہوئی مقبولیت کا سہرا ہماری قیادت کے سر جاتا ہے جنہوں نے ہمیشہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف ووٹ کے تقدس اور سول سوسائٹی کی بالادستی کے لیے کوشاں ہیں۔ قبائلی علاقہ جات کے لیے آئینی ترمیم کے بل پر اتفاق رائے کے لیے انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قومی دلچسپی کے پروگراموں پر تمام سیاسی جماعتوں کو اسی طرح اتفاق رائے کا مظاہرہ کرنا چاہیئے۔ شائستہ پرویز ملک نے محمد نواز شریف کی ان کوششوں کو بھی سراہا جو انہوں نے فاٹا اصلاحات کے لیے کیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے کراچی جیسے بڑے شہر کے امن کو بحال کیا اور ملک بھر سے دہشت گردی کے خاتمے کے علاوہ توانائی بحران کو بھی حل کیا ہے۔