لارڈز ٹیسٹ میں ٹیم تینوں شعبوں میں ناکام رہی، پاکستان کے ہاتھوں سیریز میں شکست سے بچنے کیلئے اگلے میچ میں پوری قوت کے ساتھ میدان میں اتریں گے، جوروٹ

اتوار 27 مئی 2018 21:00

لارڈز۔27 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2018ء) انگلش ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز جوروٹ نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں ہماری ٹیم تینوں شعبوں میں ناکام رہی، کھلاڑیوں نے بہت غلطیاں کیں امید ہے کہ وہ اگلے میچز میں نہیں دوہرائیں گے، سیریز برابر کرنے کیلئے اگلے میچ میں پوری قوت کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

(جاری ہے)

انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ یکم جون سے شروع ہو گا اور پاکستان کو سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے، گرین شرٹس نے پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

انگلش قائد نے اس بات کا اعتراف کیا کہ پاکستانی ٹیم نے ہماری ٹیم کو تینوں شعبوں میں آئوٹ کلاس کیا، ہماری ٹیم گرین شرٹس کے مقابلے زیادہ مضبوط اور تجربہ کار ہے لیکن اس کے باوجود شکست پوری ٹیم کیلئے ویک اپ کال ہے، کھلاڑیوں نے غیرذمہ دارانہ اسٹروکس کھیل کر وکٹیں گنوائیں، امید ہے کہ وہ مستقبل میں ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آخری ٹیسٹ جیت کر سیریز برابر کرنے کی کوشش کریں گے اور اس مقصد کیلئے کھلاڑیوں کو تینوں شعبوں میں صلاحیتوں سے بڑھ کر کارکردگی دکھانا ہو گی۔

متعلقہ عنوان :