ہمیں بدنام کرنے کی مہم چلائی جا رہی ہے،ملک میں کوئی غدار نہیں سب محب الوطن ہیں،خواجہ سعد رفیق

جتنا کوئی چاہے پروپیگنڈا کرے عوام (ن) لیگ کو کامیاب کرائیں گے،الزامات لگتے رہتے ہیں اورقافلے چلتے رہتے ہیں،لوگوں کو بات کرنے کی آزادی ہونی چاہئے، درانی صاحب کی کتاب نہیں پڑھی ،کتاب پڑھے بغیر لوگ تبصرہ کرتے ہیں وزیر ریلوے کی میڈیا سے گفتگو

اتوار مئی 21:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 مئی2018ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ہمیں بدنام کرنے کی مہم چلائی جا رہی ہے،جتنا کوئی چاہے پروپیگنڈا کرے عوام (ن) لیگ کو کامیاب کرائیں گے،الزامات لگتے رہتے ہیں اورقافلے چلتے رہتے ہیں،ملک میں کوئی غدار نہیں سب محب الوطن ہیں،لوگوں کو بات کرنے کی آزادی ہونی چاہئے، درانی صاحب کی کتاب نہیں پڑھی ،کتاب پڑھے بغیر لوگ تبصرہ کرتے ہیں ۔

اتوار کورائیونڈ ریلوے اسٹیشن پرمیڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعدرفیق کا کہنا تھا کہ ملک میں انتخابات کی آمد آمد ہے اور سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں، انتخابات 2018 کی تاریخ 25 جولائی دے دی گئی ہے، اور دوسری جانب مخالفین نے الزامات کا سلسلہ مزید تیز کردیا ہے لیکن الزامات لگتے رہتے ہیں اور قافلے چلتے رہتے ہیں جھوٹے الزامات لگنے سے سیاسی پارٹیوں کو فرق نہیں پڑتا، جتنی چاہے پیشیاں کروائیں فیصلہ اللہ تعالی کی ذات اور عوام نے کرنا ہے کوئی جتنا چاہے پروپیگنڈا کرے 2018 کے الیکشن میں عوام کارکردگی کی بنیاد پر (ن)لیگ کو کامیاب کرائیں گے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں سعد رفیق کا کہنا تھا کہ میں نے اسددرانی کی کتاب نہیں پڑھی اس لیے اس پرکوئی تبصرہ نہیں کروں گا، تاہم یہ بھی حقیقت ہے کہ لوگ اسد درانی کی کتاب پڑھے بغیر ہی غداری کا تبصرہ کررہے ہیں، ملک میں کوئی غدار نہیں سب محب وطن ہیں اور ہر کسی کو حدود میں رہتے ہوئے بات کرنے کی آزادی ہونی چاہیے۔