چین کی محصولات میں کمی جرمن کاروباری اداروں کے مفاد میں ہے،جرمن آٹو موٹو انڈسٹری ایسوسی ایشن

اتوار 27 مئی 2018 21:20

برلن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 مئی2018ء) جرمنی کی آٹو موٹو انڈسٹری ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ چین کی جانب سے محصولات میں کمی جرمن کاروباری اداروں کے مفاد میں ہے ، چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق جرمنی کی آٹو موٹو انڈسٹری ایسوسی ایشن کے صدر برن ہارڈ میٹس نے ایک بیان میں چین کی جانب سے آٹو موبائل درآمدی محصولات میں کمی کے فیصلے کو بے حد سراہا ہے ۔

چین نے اس ضمن میں رواں برس جولائی سے محصولات کی شرح کو پچیس فیصد سے کم کرتے ہوئے پندرہ فیصد کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

میٹس کے خیال میں چین کا اقدام کھلی منڈیوں کے حوالے سے ایک اور اہم قدم ہے اور عالمی تجارت کی مضبوطی کا اشارہ ہے۔برطانیہ ، امریکہ ، اٹلی اور فرانس کے بعد چین جرمن گاڑیوں کی برآمدات کے حوالے سے پانچواں بڑا ملک ہے اور تقریبا دو لاکھ ساٹھ ہزار کاریں جرمنی سے چین برآمد کی جاتی ہیں۔میٹس کے مطابق چین جرمن کاروباری اداروں کے لیے ایک اہم پیداواری مقام بھی ہے جہاں گزشتہ برس جرمن کار سازوں نے 4.89 ملین کاریں چین میں تیار کی جو پوری دنیا میں جرمنی کی تیار کردہ گاڑیوں کی مجموعی پیداوار کا تیس فیصد رہا ہے۔