سیاست ذاتی اور خونی دشمنی میں تبدیل ہورہی ہے، دانیال عزیز کو تھپڑ مارنے والے کو شاباش دی گئی،خواجہ آصف

نگران وزیراعظم کا فیصلہ پارلیمانی کمیٹی میں چلا گیا ، تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے کے پی کے کو کھنڈر بنا دیا ، ہمارے بے مثال کام کا مقابلہ کے پی کے اور سند ھ والے نہیں کر سکتے سابق وزیر خارجہ کی شہباز شریف فلائی اوور کے افتتاح پر میڈیا سے گفتگو

اتوار 27 مئی 2018 21:20

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سابق وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ یہاں سیاست ذاتی اور خونی دشمنی میں تبدیل ہورہی ہے، دانیال عزیز کو تھپڑ مارنے والے کو شاباش دی گئی، نگران وزیراعظم کا فیصلہ پارلیمانی کمیٹی میں چلا گیا ہے، تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے کے پی کے کو کھنڈر بنا دیا ، ہمارے بے مثال کام کا مقابلہ کے پی کے اور سند ھ والے نہیں کر سکتے۔

اتوار کو شہباز شریف فلائی اوور کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ محمد آصف نے کہا کہ 10برس میں شہباز شریف جیسے ترقیاتی کاموں کی مثال نہیں ملتی، 25جولائی کو کارکردگی عوام کی عدالت میں لے کر جائیں گے، لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہماری ترجیحات میں شامل ہے، ہمارے بے مثال کام کا مقابلہ سندھ اور کے پی کے والے نہیں کرسکتے، ہمارے مخالفین بھی ہمارے کاموں کی تعریف کررہے ہیں، تبدیلی ہم لے کر آئے ہیں، تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے کے پی کے کو کھنڈر بنا دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعظم سے متعلق جلد فیصلہ ہوجائے گا، دانیال عزیز کو تھپڑ مارنے والے کو شاباش دی گئی، عدم برداشت پی ٹی آئی کی سیاست کا کلچر ہے اور ان کی تربیت میں شامل ہے، اختلافات جمہوریت کا حسن ہے لیکن ایسے اختلافات نہیں ہوجانے چاہیں، سیاست ممکنات کا عمل ہے اسے ناممکنات کی طرف لے جایا جارہا ہے، یہاں سیاست ذاتی اور خونی دشمنی میں تبدیل ہورہی ہے۔