ن)لیگی حکومت نے فاروق حیدر کی سربراہی میں قانون سازاسمبلی کو بااختیار اور حکومت آزاد کشمیر کو باوقار بنانے کے حوالے سے آئینی ، انتظامی اور مالیاتی امور کو یکسو کرانے کے لیے جو عملی اقدامات اٹھائے ہیں وہ تاریخ کا سنہری باب ہے

ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل بھمبر راجہ غلام ربانی کی بات چیت

اتوار 27 مئی 2018 21:20

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 مئی2018ء) ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل بھمبر راجہ غلام ربانی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت نے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی سربراہی میں آزاد جموں وکشمیر قانون سازاسمبلی کو بااختیار اور حکومت آزاد کشمیر کو باوقار بنانے کے حوالے سے آئینی ، انتظامی اور مالیاتی امور کو یکسو کرانے کے لیے جو عملی اقدامات اٹھائے ہیں وہ تاریخ کا سنہری باب ہے جس سے آزاد خطہ میںمعاشی واقتصادی ترقی کے ساتھ ساتھ پاکستان سے کشمیریوں کے لازوال رشتوں میں مذید مضبوطی ہوگی ۔

سابق وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے ویژن کے مطابق وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی اور قومی سلامتی کمیشن نے آزاد کشمیر حکومت کو بااختیار اور باوقار بنانے کے لئے منظوری دے کر کشمیریوں کے دل جیت لیے ہیں ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان قائد پاکستان میاں محمد نواز شریف کے ویژن کی تکمیل میں آزاد خطہ میں تعمیر وترقی کا انقلاب لانے کے لئے جو اقدامات اٹھا رہے ہیں اور میگا پراجیکٹس شروع کیے ہیں ان سے خطہ کشمیر کی قسمت بدل جائے گی ۔

آزاد کشمیر میں اکہتر سالوں میں پہلی مرتبہ وافر مقدار میں ترقیاتی فنڈز مہیا کیے گئے ۔ 43سال کے بعد آزاد کشمیر کے عبوری آئین ایکٹ 1974میں ترامیم 1992کے بعد وفاقی محصولات ، این ایف سی میں آزاد کشمیر کے حصہ میں اضافہ ، نیلم جہلم اور منگلا ڈیم کے واٹر یوزز چارجز اور دیگر صوبوں کے برابر کرنے پر عملی اور تاریخی پیش رفت میں وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قائدانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

راجہ فاروق حید خان وطن سے محبت اور ریاست کے لوگوں سے وفا کا دوسرا نام ہیں جھنوں نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی اور جماعت کا نام روشن کیا ۔ریاست کی تاریخ میں راجہ فااروق حیدر خان کا نام لوگ عزت واحترام سے لیتے ہیں چونکہ انہوں نے کشمیر کا نام روشن کردیاہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پارٹی کارکنان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں گزشتہ دو برسوں کے دوران وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی حکومت نے جس انداز میں کام کیا اور تاریخی اقداما ت اٹھائے ہیں اس سے حکومت اور جماعت کی عزت اور وقار میں بھی آضافہ ہوا ہے اور آزاد ریاست میں گڈگورنس کا قیام بھی عمل میں آیا ہے اب آزاد کشمیر میں نوکریاں پیسوں کے ذریعے نہیں بلکہ میرٹ اور قابلیت کی بنیاد پر لوگوں کو مل رہی ہیں ۔

میرٹ اور انصاف کی بالادستی کے انقلابی اقدامات کو آزاد کشمیر بھر میں زبردست الفاظ میں سراہا گیا ہے اور بلاتخصیص جماعت،برادری اور علاقے کے لوگ وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کے گیت گا رہے ہیں آزاد کشمیر کے موجودہ بجٹ کے بعد آزاد کشمیر بھر میں تعمیر وترقی کے نئے باب کاآغاز ہوگااور ایکٹ 1974 میں ترامیم کے بعد حکومت آئینی ،انتظامی اورمالی لحاظ سے مستحکم اور مضبوط ہوگی جس کا تمام کریڈٹ مسلم لیگ ن اور راجہ محمد فاروق حیدر خان کو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع بھمبر کی تعمیروترقی کے لئے سنیئر وزیرچوہدری طارق فاروق کے اقدامات سے ضلع بھمبر میں گزشتہ کئی سالوں سے پائی جانے والی محرومیاں ختم ہورہی ہیں اور ضلع بھمبر بھی دوسرے اضلاع کی طرح تعمیر وترقی کے پراجیکٹس پر کام جاری ہیں جس پر اہلیان بھمبر کو اپنے محبوب قائد پر فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سالوں سے بھمبر کی تعمیر وترقی کے علاوہ دیگر عوامی فلاحی منصوبوںکی تکمیل سے بھمبر میں معاشی واقتصادی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔