مقبوضہ کشمیر، سید علی گیلانی کا جیلوں میں نظربند کشمیریوں کی حالت زار پر اظہار تشویش

قابض انتظامیہ جامع مسجد جیسے مذہبی مقامات کے تقدس کو پامال کرنے سے باز رہے‘ سید علی گیلانی

اتوار 27 مئی 2018 21:20

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے بھارت کی مختلف جیلوں میں نظربند کشمیریوں کی حالت زار پر گہری تشویش ظاہرکی ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے حیدر پورہ سرینگر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی مجلس شوریٰ کی صدارت کرتے ہوئے کہاکہ دہلی کی تہاڑ جیل میں نظربند حریت رہنمائوں شبیر احمد شاہ، الطاف احمد شاہ، ایاز اکبر، پیر سیف اللہ، معراج الدین کلوال، نعیم احمد خان، ڈاکٹر غلام محمد بٹ، مظفر احمد ڈار، شاہد یوسف، فاروق احمد ڈار، شاہد الاسلام، محمد اسلم وانی ، ظہور احمد وٹالی اوردیگر کو بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

حریت چیئرمین نے مجلس شوریٰ کے ارکان پر زوردیا کہ وہ پوری یکسوئی اور صبرو استقلال کے ساتھ بھارت کے مظالم کی پرواکئے بغیر عوام تک پہنچنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بھارت کی تہذیبی جارحیت سے معاشرے کو دٴْور رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کے قابض افواج اور انتظامیہ مقبوضہ علاقے میں شراب، چرس اوربرائون شوگر جیسی منشیات کو عام کرنے میں معاون بنی ہوئی ہیں اور علاقے میں اخلاقی انحطاط، بے راہ روی اور شرم وحیا سے عاری معاشرے کو فروغ دینے کی کوشش کررہی ہیں۔

سید علی گیلانی نے تحریک حقِ خودارادیت کے لیے کشمیری قوم کی بیش بہا قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لخت جگر اپنا لہو بہارہے ہیں، ہماری عزت مآب خواتین جنسی زیادتیوںکا شکار ہورہی ہیں اور ہمارے سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں پرجیلوں میں مظالم ڈھائے جارہے ہیں۔ اجلاس میں حریت رہنمائوں غلام نبی سمجھی، شاہد سلیم، حکیم عبدالرشید، غلام محمد ناگو، بشیر احمد اندرابی، گلشن عباس، زمرودہ حبیب، محمد یوسف نقاش، مولوی بشیر عرفانی، ایڈوکیٹ محمد شفیع ریشی، محمد شفیع لون، امتیاز احمد شاہ، سید محمدشفیع، پیر عبدالرشید، محمد یاسین عطائی، بلال صدیقی، خواجہ فردوس احمد اور غلام احمد گلزار نے شرکت کی۔

دریں اثناء سید علی گیلانی نے جامع مسجد سرینگر کے مضافات کو فوجی چھائونی میں تبدیل کرنے اوربھارتی فورسز کی طرف سے نمازیوں پر آنسو گیس اور پیلٹ گن کے بے دریغ استعمال کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کٹھ پتلی انتظامیہ اپنی ظالمانہ کارروائیوں سے خود خرمن امن کو آگ لگارہی ہے اور عام لوگوں کے خلاف فوجی طاقت کا بے دریغ استعمال کرنے کے بہانے تراش رہی ہیں۔سید علی گیلانی نے قابض انتظامیہ کو خبردار کیاکہ وہ جامع مسجد جیسے مذہبی مقامات کے تقدس کو پامال کرنے کی گھناؤنی سازشوں سے اجتناب کرے،بصورت دیگر نتائج کی تمام تر ذمہ داری اسی پر عائد ہوگی۔