پچیس جولائی کو الیکشن ہوگا، قوم دیکھ رہی ہے جو مرضی پروپیگنڈہ کرے اصل فیصلہ قوم کرے گی‘ خواجہ سعد رفیق

(ن) لیگ کارکردگی کی بنیاد پر الیکشن میں جیتے گی، مخصوص لوگ مخصوص ایجنڈے کے تحت الزامات لگاتے رہتے ہیں‘ ملک میں کوئی غدار ہے نہ کوئی مخالف، سب محب وطن ہیں‘ ملک میں تقریروں اور تبصروں کی اجازت ہونی چاہیے‘ رائیونڈ سٹیشن کے دورہ کے موقعہ پر میڈیا سے گفتگو

اتوار 27 مئی 2018 21:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 مئی2018ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پچیس جولائی کو الیکشن ہوگا، قوم دیکھ رہی ہے جو مرضی پروپیگنڈہ کرے اصل فیصلہ قوم کرے گی(ن) لیگ کارکردگی کی بنیاد پر الیکشن میں جیتے گی، مخصوص لوگ مخصوص ایجنڈے کے تحت الزامات لگاتے رہتے ہیں‘ ملک میں کوئی غدار ہے نہ کوئی مخالف، سب محب وطن ہیں‘ ملک میں تقریروں اور تبصروں کی اجازت ہونی چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے رائیونڈ سٹیشن کا دورہ کیا اور تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ رائیونڈ ریلوے سٹیشن کی حالت کافی خستہ تھی ،تعمیراتی کاموں کا وزٹ کر رہے ہیں افتتاح نہیں کر رہے، ضرورت کے مطابق ریلوے سٹیشن بنایا جائے گا، این ایل سی کا ادارہ کام کرتا رہا ہے، رائیونڈ ریلوے اسٹیشن پر کل تخمینہ پندرہ کروڑ روپے ہے اور تعمیراتی کام پندرہ ماہ میں مکمل کیا گیا ہے،، رائیونڈ ریلوے سٹیشن کی تعمیر کا 80 فیصد کام مکمل ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ مذکورہ منصوبے میں دو دکانوں کو گرایا گیا ہے، جس کو دوبارہ جگہیں دیں گے۔ اسٹیشن میں مسجد اور کنٹین بھی بنائی گئی ہے۔ایک سوال کے جواب میںو فاقی وزیر نے کہا کہ پچیس جولائی کو الیکشن ہوگا، قوم دیکھ رہی ہے جو مرضی پروپیگنڈہ کرے اصل فیصلہ قوم کرے گی(ن) لیگ کارکردگی کی بنیاد پر الیکشن میں جیتے گی، مخصوص لوگ مخصوص ایجنڈے کے تحت الزامات لگاتے رہتے ہیں۔