محمود خان اچکزئی پشتونخواملی پارٹی کے ایک بار پھر چیئرمین منتخب ، مختیار خان سینئر وائس چیئرمین بن گئے

اکتوبر میں پارٹی کی مرکزی کانگریس کا اجلاس ہوگا جس میں مستقل عہدیداروں کا انتخاب کیا جائیگا، نومنتخب چیئرمین

اتوار 27 مئی 2018 21:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 مئی2018ء) محمود خان اچکزئی پشتونخواملی پارٹی کے ایک بار پھر چیئرمین منتخب ہوگئے، مختیار خان یوسفزئی سینئر وائس چیئرمین ، اکرم شاہ خان جنرل سیکرٹری اور عثمان خان کاکڑ دوبارہ صوبائی صدر منتخب ہوگئے۔پشتونخواملی عوامی پارٹی کی مرکزی کونسل کا اجلاس مرکزی چیئرمین محمود خان اچکزئی کی زیر صدارت کوئٹہ کے ایئر پورٹ روڈ پر ایک نجی شادی ہال میں ہوا۔

اجلاس میں اندرون صوبہ، خیبر پشتونخوا، سندھ اور پنجاب سمیت ملک بھر سے پارٹی کے سینکڑ وں مندوبین مرکزی کونسل کے ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں پارٹی کی کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی جس کا جائزہ لیا گیا اور مختلف امور سے متعلق اہم فیصلے کئے گئے۔ پارٹی چیئرمین محمود خان اچکزئی نے کارکنوں کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ انتخابی ضرورت کے پیش نظر پارٹی کے عارضی انتخابات عمل میں لائے جارہے ہیں ،اکتوبر میں پارٹی کی مرکزی کانگریس کا اجلاس ہوگا جس میں مستقل عہدیداروں کا انتخاب کیا جائیگا، پشتونخواملی عوامی پارٹی ایک منظم جمہوری سیاسی جمہوریت ہے جس کے کارکنوں ملک میں قوموں کی برابری، آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی اور جمہوریت کے استحکام کے جدوجہد میں ہمیشہ پیش پیش رہے ہیں اور جدوجہد کی اس راہ میں پیش آنے والی مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جمہوری اور غیر جمہوری قوتوں کے درمیان کشمکش جاری ہے ملک کی بہتری اور بھلائی قوموں کی برابری، آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی میں ہے۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی جمہوریت اور اس کے استحکام کی جدوجہد ہر قسم کے گھمبیر حالات میں جاری رکھے ہوئے ہیں اور اس راہ میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں بھی پشتونخوامیپ کا غیر جمہوری قوتوں کے ساتھ مقابلہ ہوگا۔