صفائی ستھرائی کے کاموں کی مانیٹرنگ کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے ، جان محمد بلوچ

اتوار 27 مئی 2018 21:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 مئی2018ء) چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ وائس چیئرمین بلدیہ ملیر عبدالخالق مروت نے کہا ہے کہ 13یونین کونسلوں کی کچرا کنڈیوں سے روزانہ کی بنیاد پر کچرا اٹھا کر ٹھکانے لگانے کے عمل کو تیز کیا جائے، یونین کونسلوں کی سطح پر گاڑیوں کے ٹرپس اور صفائی ستھرائی کے کاموں کی مانیٹرنگ کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے ،کچرا اٹھانے کے بعد ان مقامات پر جراثیم کش ادویات کا اسپرے بھی کیا جائے تاکہ جراثیم کی افزائش کو روکا جاسکے،مرکزی شاہراہوں اور اندرونی علاقوں کی سڑکوں کے کناروں پر جمع ہونے والی مٹی و کچرا بروقت اٹھایا جائے، عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ اپنے گھروں اور دکانوں کا کچرا جگہ جگہ پھینکنے سے اجتناب برتیں اور کچرا صرف بلدیہ ملیر انتظامیہ کی جانب سے مختص کچرا کنڈیوں میں ڈالیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کمشنر عمران اسلم کے ہمراہ یو سی 10غازی دائود بروھی کی مختلف مرکزی و ذیلی شاہراہوں پرصفائی ستھرائی کے کاموں کاجائزہ لیتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پریو سی کونسلر حسن بلوچ، ڈائریکٹر سولیڈ ویسٹ واثق ظفر بھی موجود تھے۔ چیئرمین بلدیہ ملیر جان محمد بلوچ نے ڈائریکٹر سولیڈ ویسٹ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات عمل میں لائے جائیں، ہر یونین کونسل سے روزانہ کی بنیادوں پر کچرا اٹھا کر ٹھکانے لگانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں ۔#

متعلقہ عنوان :