ایم کیو ایم سیاست میں زندہ رہنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈوں کا استعمال کررہی ہے ،وقار مہدی

جیسے جیسے الیکشن کا وقت قریب آرہا ہے ایم کیو ایم کو الیکشن لڑنے کیلئے امیدوار بھی دستیاب نہیں رہے

اتوار 27 مئی 2018 21:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی، کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات شکیل چوہدری،سیکریٹری مالیات خالد لطیف، ضلع شرقی کے سیکریٹری اطلاعات وقاص شوکت نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ ایم کیو ایم سیاست میں زندہ رہنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈوں کا استعمال کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے الیکشن کا وقت قریب آرہا ہے تو ایم کیو ایم کو الیکشن لڑنے کیلئے امیدوار بھی دستیاب نہیں رہے اور اس لئے وہ قوم پرستی اور لسانیت کے نعرے کو ہوا دے رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی کے باشعور شہریوں نے ایم کیو ایم کی سیاست کو مسترد کردیا ہے اور وہ نفرت اور دہشت گردی کی سیاست کو کسی صورت قبول نہیں کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ اردو بولنے والے جان چکے ہیں کہ ایم کیو ایم نے انہیں سب سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے اور سیاسی ہمدردی سمیٹنے کیلئے بے گناہ شہریوں کے خون سے ہولی کھیلی گئی۔انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں دھونس اور دھاندلی کی سیاست اب نہیں چلے گی اور اس سال ہونے والے الیکشن میں کراچی کے شہری بنا خوف و خطراپنا حق رائے دہی استعمال کر کے ان دہشت گردوں کو مسترد کردینگے۔#