Live Updates

حکمران شہریوں کو تعلیم،صحت ،انصاف اور تحفظ دینے میں ناکام ہو چکے ہیں ،خرم نواز گنڈا پور

اتوار 27 مئی 2018 21:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 مئی2018ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ حکمران اپنے شہریوں کو تعلیم،صحت ،انصاف اور تحفظ دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔رمضان المبارک میں مہنگائی،لوڈ شیڈنگ اور عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔جو حکمران عوام کو بجلی،پانی ،روزگار،انصاف نہیں دے سکتے انہیں خدمت کے آئینی ایوانوں میں بیٹھنے کا کوئی حق نہیں۔

ملک کے کئی شہروں میں لوڈ شیڈنگ کے باعث ہونیوالی اموات حکمرانوں کے منہ پر زناٹے دار طمانچہ ہیں۔یہ کیسی ترقی ،گڈ گورننس اور جمہوریت ہے جس میں مریض دوائی،غریب روٹی،شہری پانی اور مظلوم انصاف کو ترستے ہوں۔شریف برادران اور انکے حواریوں کی ایما پر ماڈل ٹائون میں 14بے گناہ شہریوں کو شہید اور 100 سے زائد لوگوں کو شدید زخمی کیا گیا۔

(جاری ہے)

قاتل عبرت ناک سزا سے نہیں بچ سکیں گے،عوامی تحریک کو گراس روٹ کی سطح پر منظم کرنے اور انقلابی ایجنڈے کو ایک نئے عزم کے ساتھ اجاگر کر رہے ہیں۔

پاکستان عوامی تحریک آج بھی انتخابی اصلاحا ت اور بے رحم احتساب کو ترقی و خوشحالی کا پہلا زینہ سمجھتی ہے۔عوامی تحریک کے محب وطن اور غیور کارکنوں نے اصلاحات کیلئے جدوجہد کرتے ہوئے جانی و مالی قربانیاں دیں ہیں،اصلاحاتی ایجنڈے کو ڈاکٹر طاہر القادری کی قیادت میں مکمل کرنے کی جدوجہد جاری ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں عوامی تحریک سنٹرل پنجاب اور جنوبی پنجاب سے آئے وفود سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر بشارت جسپال،میاں ریحان مقبول،عارف چوہدری ،میاں عبد القادر،راجہ زاہد محمود،رائو عارف رضوی،راجہ ندیم و دیگر بھی موجود تھے۔خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ ماڈل ٹائون میں پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی حکومتی دہشتگردی اور انسانی حقوق کی پامالی ہوئی،دہشتگردی،کرپشن اور ناقص حکمرانی ایک جیسی برائیاں ہیں۔ہر جائز اور قانونی فورم پر سانحہ ماڈل ٹائون کے مجرموں کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی ہے اور کرتے رہینگے۔ماڈل ٹائون کے مجرموں کو سزائیں دلوا کر ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ظالموں کو سوسائٹی کے کمزور طبقات پر ظلم کرنے سے روکیں گے۔ظلم کے خاتمے،آئین و قانون کی بالادستی اور عوام کے آئینی حقوق کی بازیابی کیلئے قوم ڈاکٹر طاہر القادری کے ساتھ ہے۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات