بلوچستان میں بی اے پی کی بدولت نئے سیاسی دور کا آغاز صوبے کی تقدیر بدلنے کی نوید ہے ، سعید احمد ہاشمی

اب بلوچستان بااختیار ہوچکا ہے، حقوق حاصل کرنے اور جراتمندانہ فیصلے کرنے کا قابل بناہے، بانی رہنماء بلوچستان عوامی پارٹی

اتوار 27 مئی 2018 21:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2018ء) بلوچستان عوامی پارٹی کے بانی رہنماء سعید احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں بی اے پی کی بدولت نئے سیاسی دور کا آغاز صوبے کی تقدیر بدلنے کی نوید ہے اب بلوچستان بااختیار ہوچکا ہے اور اپنے حقوق حاصل کرنے اور جراتمندانہ فیصلے کرنے کا قابل بناہے ہم نے بی اے پی بنا کر محتاجی کا کشکول توڑ دیا ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان اسمبلی کے اراکین اور کوئٹہ کے بلدیاتی نمائندوں کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا،سعید ھاشمی نے اس موقع پر کہا کہ پرامن اور خوشحال بلوچستان ہی مستحکم پاکستان کی ضمانت بن سکتا ہے پاکستان کے استحکام کے لئے بلوچستان میں تبدیلی ناگزیر ہے صوبے کے عوام کو دو رنگی سیاسی سسٹم اور خوشنماء نعروں نے پسماندگی اور محرومی میں دھکیلا تھا باہر کی قیادت کو صوبے کی ترقی اور یہاں کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں تھی بلوچستان کی سیاست کا اور یہاں کے تمام اہم امور کا واک و اختیار باھر کی قیادت کا تھا اسی لئے یہاں کے مسائل جوں کے توں رہے مگر اب اللہ کے فضل سے بلوچستان کی سیاست اور سیاستدانوں کو بلوچستان عوامی پارٹی کے قیام نے آزادی دلائی،سعید احمد ھاشمی نے کہا کہ بلوچستان نے 28مئی 1998 کو وطن عزیز پاکستان کو دنیا میں ایٹمی قوت بننے کا اعزاز اپنے سرزمین پر دلایا بلوچستان کے عوام محب وطن ہیں اور دوسروں سے زیادہ پاکستانیت ان کے اندر رچھی ھوئی ھے مگر حکمرانوں نے اس اعزاز کے بدلے بلوچستان اور باالخصوص چاغی کو کیا دیا،سعید ہاشمی نے کہا کہ بلوچستان اب بی اے پی کی بدولت بیدار ہوچکا ہے اسی لئے اب کوئی ہمیں استعمال نہیں کر سکے گا ہم صوبے کے عوام کو آنے والے الیکشن میں ایک حقیقی عوامی اور صوبے سے محبت کرنے والی آزاد اور صوبے کی اپنی حکومت دینگے۔