Live Updates

کینسرکا جو علاج شوکت خانم اسپتال میں ہوتا ہے ایسی سہولت کہیں اور نہیں ہے، امیر کے لئے تو بہت اسپتال ہیں، شوکت خانم غریبوں کا اسپتال ہے، عمران خان

شریف فیملی ، اسحاق ڈار سب علاج کرانے باہر جاتے ہیں،یہ لوگ پانچ سال میں ایک اسپتال نہیں بنا سکے جہاں اپنا علاج کرا سکیں ہماری حکومت میں سیاسی انتقام یا اقربا پروری نام کی کوئی چیز نہیں ہو گی،تاجر برادری کو اب ان سے ڈرنے کی ضرورت نہیں تحریک انصاف فاٹا میں ترقی کے نئے دورکا آغاز اورفاٹا کے عوام کومزید بااختیاربنائے گی، شوکت خانم فنڈ ریزنگ تقریب سے خطاب

اتوار 27 مئی 2018 22:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ کینسرکا جو علاج شوکت خانم اسپتال میں ہوتا ہے ایسی سہولت کہیں اور نہیں ہے، امیر کے لئے تو بہت اسپتال ہیں، شوکت خانم غریبوں کا اسپتال ہے۔ شریف فیملی ، اسحاق ڈار سب علاج کرانے باہر جاتے ہیں،یہ لوگ پانچ سال میں ایک اسپتال نہیں بنا سکے جہاں اپنا علاج کرا سکیں۔

ہماری حکومت میں سیاسی انتقام یا اقربا پروری نام کی کوئی چیز نہیں ہو گی،تاجر برادری کو اب ان سے ڈرنے کی ضرورت نہیں۔ یہ لوگ اب چندروز میں جانے والے ہیں۔ تحریک انصاف فاٹا میں ترقی کے نئے دورکا آغاز اورفاٹا کے عوام کومزید بااختیاربنائے گی ۔ وہ کراچی کے مقامی ہوٹل میں شوکت خانم کینسراسپتال کی فنڈریزنگ تقریب سے خطاب اورقبائلی عمائدین کے ایک وفد سے گفتگو کررہے تھے اس موقع پرقبائلی عمائدین کی جانب سے عمران خان کوروایتی پگڑی پہنائی گئی ۔

(جاری ہے)

شوکت خانم فنڈ ریزنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ اس سال اسپتال کو چھ ارب روپے کے خسارے کا سامنا ہے میں نے اپنا علاج بھی شوکت خانم سے کروایا ہے،شریف خاندان نے ملک میں ایک بھی ایسا اسپتال نہیں بنایا جس میں ان کا علاج ہوجائے۔ انہوں نے کہاکہ میں شوکت خانم کے لئے تمام ڈونرز کا شکر گزار ہوں،سب سے زیادہ لوگ دنیا میں آج کینسر سے مرتے ہیں، لاہور میں پشاور سے زیادہ بڑا کینسر اسپتال بنا رہے ہیں، پشاور کے کینسر اسپتال کی کیپیسٹی ڈبل کر رہے ہیں،پشاور، لاہور کے بعد اب کراچی میں بھی شوکت خانم اسپتال بنا رہے ہیں،کراچی کا شوکت خانم اسپتال اسٹیٹ اف دی آرٹ اسپتال ہو گا،ملک میں کینسر کا علاج نہیں ہے،ایسا اسپتال نہیں ہے جہاں غریب کا علاج ہو سکے، ملک میں کینسر کا علاج بہت ہی مہنگا ہے اور اگر ابتدائی سطح پر اس علاج کی تشخیص نہ ہو تو کینسرکیعلاج پر کروڑوں روپے لگ جاتے ہیں ان کا کہنا تھا کہ زیادہ لاگت کی وجہ سے 90 فیصد پاکستانی کینسر کا علاج نہیں کراسکتے لیکن شوکت خانم اسپتال میں 75 فیصد مریضوں کا مفت علاج ہوتا ہے اور چھ ارب روپے سالانہ خسارہ عوام پورا کرتی ہے۔

اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے صنعتکارعارف حبیب نے کہاکہ عمران خان کو کراچی میں خوش آمدید کہتا ہوں ہم دنیا میں دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ عطیات فراہم کرتے ہیں آج پرانے تمام ریکارڈ توڑ دیے گئے۔ شوکت خانم کو سالانہ گیارہ ارب روپے کی ضرورت ہوتی ہے۔اس موقع پر معروف تاجر ایس ایم منیر کی طرف سے پچاس لاکھ صنعتکار عقیل کریم ڈھیڈی کی طرف سے پچاس لاکھ اور پچیس لاکھ ماہانہ کے اعتبارسے پانچھ کروڑ مزید دینے اورجہانزیب دھڑکی کی طرف سے ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا گیا ۔

تقریب میں بتایا گیا کہ اب تک 33 ارب روپے کینسر کے مریضوں پر خرچ کئے جاچکے ہیں عمران خان کا کہنا تھا کہ جو ڈونرز بیس سال سے شوکت خانم کو سپورٹ کر رہے ہیں انکا شکر گزار ہوں انہوں نے عقیل کریم ڈھیڈی کا خصوصی شکریہ ادا کیا انہوں نے کہاکہ کراچی کی عوام کو یہ کہنا چاہتا ہوں کہ یہ وہ شہر ہے جو سب سے زیادہ عطیہ کرتا ہے ،کراچی کی عوام نے ہمیشہ سپورٹ کیا، کینسر قابل علاج ہے ، بہت سے لوگ کینسر کو مات دے کر شوکت خانم سے صحت یاب ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنایا گیا تھا، یہ ایک وژن تھااور ہم اس وژن سے ہٹ گئے ہیں۔

تقریب میں عمران اسماعیل،فیصل واوڈا ،عارف علوی سمیت تحریک انصاف کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ بعد ازاں عمران خان نے کراچی میں قبائلی عمائدین کے ایک وفد سے ملاقات بھی کی جنہوں نے فاٹا کے کیپی کے میں انضمام پر عمران کو خراج تحسین پیش کیا اورمبارکباد دی قبائلی عمائدین کا کہنا تھا کہ قبائلی عوام کو بنیادی آئینی حقوق دلانے پر دل کی گہرائیوں سے مبارک باد دیتے ہیں 120 سال بعد فاٹا کے پی کے کا حصہ بنا ہے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران نے قبائلی عمائدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ پارلیمنٹ نے اچھا فیصلہ کیا اگر فاٹا انضمام کا بل منظورنہ ہوتا تو وہاں انتشار پھیل جاتا کہا کہ قبائلی علاقوں میں امن کا قیام بہت قربانیوں کے بعد ممکن ہوا، ان علاقوں میں دہشت گردی کی وجہ سے بہت تباہی ہوئی ہے ۔فاٹاکا انضمام ایک تاریخی قدم ہے اس فیصلے سے قبائلی علاقوں میں ترقی کا ایک نیا دورشروع ہوگا تحریک انصاف برسراقتدارآکر فاٹا کے عوام کومزید بااختیارکرے گی ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات