اسلام آباد، بھارت پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھ نہیں سکتا،چوہدری محمدبرجیس طاہر

دنیا کی تمام تر آفرز کو ٹھکراتے ہوئے نواز شریف نے بیس سال قبل بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے بدلے ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کے دفاع کو ہمیشہ کے لیے ناقابل تسخیر بنا دیا ، وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان

اتوار 27 مئی 2018 22:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مئی2018ء) وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے 28 مئی یوم تکبیر کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ آج سے بیس سال قبل نواز شریف نے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے بدلے ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کے دفاع کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ناقابل تسخیر بنا دیا ، انہوں نے کہا کہ بیس سال قبل اس بہادرانہ فیصلے کہ بدولت آج پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بن چکا ہے اور بھارت پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھ بھی نہیں سکتا ، انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے دنیا کی تمام تر آفرز کو ٹھکراتے ہوئے صرف اور صرف وسیع ترقومی مفاد میں فیصلہ کیا جس کے خطے میں طاقت کے توازن اور استحکام کے حوالے سے مثبت اثرات آنے والی کئی نسلیں دیکھ رہی ہیں ، انہوں نے کہا کہ اس وقت اگر نواز شریف نے ایٹمی تجربے کا بہادرانہ فیصلہ نہ کیا ہوتا تو بھارت پاکستان کے خلاف کب کا انتہائی اقدام کر چکا ہوتا ، انہوں نے کہا کہ آج بھارت کو بخوبی علم ہے کہ پاکستان ایک ( credible ) جوہری طاقت ہے اور پاکستان کے خلاف کسی قسم کا انتہائی اقدام خود بھارت کی تباہی کا سبب بنے گا ، انہوں نے کہا کہ یہ ہی وجہ ہے کہ بھارت پاکستان کے خلاف اپنے مزموم مقاصد کی تکمیل کے لیے cold start strategy کے تحت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے کلبھوشن یادیو کی صورت میں دہشت گردی پھیلانے میں مصروف ہے جس کو مسلم لیگ ن کی حکومت اور پاکستان کے سیکورٹی اداروں نے آپریشن ضرب عضب کے ذریعے ناکام بنا دیا ہے ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیروں پر انسانیت سوز مظالم سمیت پاکستان کے خلاف تخریبی کاروایوں اور آبی جارحیت کا جو سلسہ شروع کر رکھا ہے اس کا خطے کی سا لمیت کے حوالے سے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے انہوں نے کہا کہ ایک طرف بھارت مکاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے رمضان کے بابرکت مہینے میں کشمیروں کے خلاف ریاستی دہشت گردی روکنے کا اعلان کرتا ہے تو دوسری جانب وہ روزانہ کی بنیاد پر نہتے کشمیری نوجوانوں کو شہید اور ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر بلااشتعل فائرنگ کا سلسلہ شروع رکھے ہوا ہے۔

چودہری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ آج یوم تکبیر والے دن ان عناصرکا بھی محاسبہ کرنا ہو گا جو اپنے اقتدار کے حصول کی خاطر نواز شریف جیسے محب وطن قائدپر بے بنیاد اور من گھڑت الزامات لگا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ طاقت اور اقتدار کے حصول کی خاطر مخالفین کے ان بے بنیادالزامات سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام باشعور ہیں اور وہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ کس سیاسی لیڈر نے ملک کو حقیقی خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے سی پیک جیسے عظیم منصوبے شروع کیے اور کن سیاسی قائدین نے گزشتہ پانچ سالوں میں محض دھرنے دیے اور اپنے اثاثے بڑھانے کے لیے سندھ کو کھنڈرات میں تبدیل کر دیا انہوں نے کہا کہ 25 جولائی کو پاکستان کے عوام ایک با ر پھر ثابت کریں گے کہ وہ ترقی و خوشحالی اور نواز شریف کے ساتھ ہیں اور مسلم لیگ ن عوام کے ساتھ مل کے ان تاریخ ساز منصوبوں کو تکمیل کے ذریعے پاکستان کو معاشی لحاظ سے بھی ناقابل تسخیر بننے کا سفر مکمل کریں گے۔