شہریوں کے جان و مال اور عزت و آبرو کی حفاظت پولیس کے فرض اولین میں شامل ہے‘ راجہ رفعت مختار

اتوار 27 مئی 2018 22:50

گوجرانوالہ ۔27 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2018ء) ریجنل پولیس آفیسر راجہ رفعت مختار نے کہا ہے کہ شہریوں کے جان و مال اور عزت و آبرو کی حفاظت پولیس کے فرض اولین میں شامل ہے‘ ماہ مقدس میں عوام کو ریلیف پہنچانے کے لئے ہر ممکن اقدامات عمل میں لائے جا رہے ہیں‘ انشاء اللہ عوام کی توقعات سے بڑھ کر انہیں تحفظ فراہم کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز سستا رمضان بازار ایمن آباد اور وزیر آباد کا سرپرائز وزٹ اور سیکیورٹی انتظامات کی چیکنگ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرایس ڈی پی او کامونکی سرکل خالد حسین،ایس ڈی پی او وزیر آباد سرکل دوست محمد،ایس ایچ او ایمن آباد مدثر رفیق،ایس ایچ اوصدر وزیر آباد محمد عامر،پولیس ترجمان عامر وسیم و یگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ریجنل پولیس آفیسر راجہ رفعت مختارنے کہا کہ دکانداروں کا فرض ہے کہ وہ ریٹ لسٹ کو مناسب جگہ پر آویزاں کریںاور مقررہ ریٹ پر اشیاء کی فروخت کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے خریداروں سے کہا کہ ریٹ میں کمی و بیشی کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر یا مارکیٹ کمیٹی کے عہدے د اروں سے رابطہ کیا جائے ۔مقررہ ریٹ سے زائد د ام وصول کرنے والوں کے خلاف مطابق ضابطہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

آر پی او نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ شہریوں کو سستا بازاروں میں خوشگوار ماحول دیا جائے، صفائی کا نظام مزید بہتر کیا جائے۔انہوںنے ایس ایچ او ایمن آباد اور صدر وزیر آبادکو ہدایت کی کہ سیکیورٹی انتظامات کو مد نظر رکھتے ہوئے موٹر سائیکل اور کار پارکنگ سستا بازار سے فاصلہ پر کی جائے تاکہ کسی جگہ رش زیادہ نہ ہو اور شہریو ں کو اشیاء خورد خریدنے میں آسانی ہو۔ریجنل پولیس آفیسر راجہ رفعت مختار نے سستا بازار کے مختلف اسٹالوں پر اشیاء خورد و نوش کا معیار اور ان کی قیمتوں کا بھی جائزہ لیتے ہوئے اسٹال مالکان کو ہدایت کی کہ حکومت کی پالیسی کے مطابق معیاری اور سستی اشیاء عوام الناس کو مہیا کی جائیں۔

متعلقہ عنوان :