جولائی کو عوامی عدالت میں ترقیاتی کاموں اور وعدوں کی تکمیل کے حوالے سے سرخرو ہوکر پہنچیں گے، خواجہ محمد آصف

اتوار 27 مئی 2018 22:50

سیالکوٹ ۔27مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2018ء) سابق وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ محمد نواز شریف کی قیادت میں گذشتہ5سال وفاق اور محمد شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب میں 10سالہ تاریخ ساز دورِ گذرا ہے،25جولائی کو لگنے والی عوامی عدالت میں ہم اللہ کے فضل وکرم سے ترقیاتی کاموں اور وعدوں کی تکمیل کے حوالے سے سرخرو ہوکر پہنچیں گے ،انفراسٹرکچر اور بالخصوص لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کے حوالے سے ایسے ریکارڈ کام کئے ہیں جو ماضی کی حکومتوں سمیت موجودہ سندھ اور کے پی کے کی حکومتیں بھی نہیں سکیں۔

خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ پشاور شہر کھنڈر بن گیا ہے ،زمانہ قدیم میں چلا گیا اور کراچی میں جو امن قائم ہوا ہے وہ بھی وفاقی حکومت کی کاوشوں سے ممکن ہوا، سیالکوٹ کے باسیوں کا دیرینہ مطالبہ تھا کہ سبلائم چوک میں پل تعمیر کیا جائے جو شہباز شریف فلائی اوور کی صورت میں تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ا س کے پل سے تھوڑا آگے 50ارب روپے کی لاگت سے لاہور سیالکوٹ موٹر وے کے منصوبے کا بہت سار اکام ختم ہوچکا ہے اور دسمبر میں یہ منصوبہ مکمل ہوجائے گا جس میں پانچ، چھ انٹر چینج بھی منصوبے میں شامل ہیں، اس منصوبے کا اعلان محمد نواز شریف نے سیالکوٹ آکر کیا تھا جو تکمیل کے تمام تر مراحل طے کرے مکمل ہونے کے قریب ہے ۔

(جاری ہے)

ایمن آباد روڈ کی دو طرفہ روڈ کی تعمیر بھی شروع ہوچکی ہے اس روڈ پر بھی سیالکوٹ لاہور موٹروے کا انٹرچینج رکھا گیا، شہر کے مشرقی و مغربی دونوں کو حصوں کو موٹروے تک رسائی دی گئی ہے، اس کیلئے پانچ ، چھ ارب کی اپروچ روڈز بن رہی ہیں ، نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے کیمپس کی تعمیر کیلئے سمبڑیال میں ایجوکیشن انسٹیٹیوشن کیلئے 500ایکڑ میں سے 50ایکڑرقبہ نسٹ کو دیا گیا ہے اور 50ایکڑزمین مزید دی جائے گی، خواجہ محمد آصف نے کہاکہ یہ بہت بڑی خدمت ہے جو ہم لوگوں نے شہر کیلئے کی ہے ،پاکستان کی نمبر 1یونیورسٹی (نسٹ) یہاں پر آئے گی جس کو پاک فوج مینج کرتی ہے ، ان کا کہنا تھا مسلم لیگ ن کی خدمت کا سفر ابھی جاری ہے، ہمیں امید ہے کہ اس شہر کے لوگ ایک مرتبہ بھی اپنے اعتماد کا ووٹ محمد نواز شریف کو دیں گے، انہوں نے کہاکہ 70سال میں اتنی ترقی نہیں ہوئی جتنی پچھلے پانچ سال میں پاکستان اور 10سال میں پنجاب میں ترقی ہوئی ہے، اس کی کوئی مثال نہیں ملتی، ہمارے مخالفین بھی اس بات کو تسلیم کررہے ہیں کہ دیہی علاقوں میں بھی ترقی ہوئی ہے ، حالات اس قدر تبدیل ہوئے اور اتنی خوش گوار تبدیلی آئی ہے کہ لوگ ماضی کے مصائب اور مشکلات کو بھول چکے ہیں ، تبدیلی ہم لیکر آئے ہیں اور تبدیلی کا دعوی کرنے والوں نے اپنا صوبہ کھنڈرات میں تبدیل کردیا ہے ، انہوں نے اس امید کااظہار کیا کہ اللہ پاکستان مسلم لیگ ن کو ایک مرتبہ پھر کامیابی عطا فرمائے گا،انہوں نے کہاکہ آنے والے الیکشن میں عوام کے ووٹ کی عزت بحال کریں گے اور یہ جو محمد نواز شریف کانعرہ ہے کہ ووٹ کو عزت دو،پاکستان کے طول و عرض میںاس کی گونج سنائی دے رہی ہے، ایک سوال کے جواب میں خواجہ محمد آصف نے کہاکہ نگران وزیر اعظم کا نام پارلیمانی کمیٹی میں چلا گیا ہے ، دانیال عزیز کے ساتھ پیش آنے والے عدم برداشت کے واقعہ پر کمنٹ کرتے ہوئے خواجہ محمد آصف نے کہاکہ جو اس حرکت کی تعریف کررہے ہیں ،یہ ان کا کلچراور ان کی تربیت ہے اور جس قسم کی تربیت ہوتی ہے اس قسم کا بندے کا رویہ ہوتا ہے ، انہوں نے کہاکہ ہمارے معاشرے میں مذہب ، سیاست ، انسانیت اور صوبائیت کے حوالے سے جو عدم برداشت کا کلچر پروان چڑھا ہے یہ پاکستان کے وجود کیلئے بہت بڑا خطرہ ہے، انہوں نے کہاکہ اختلافات جمہوریت کا حسن ہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں آپ تشدد پر اتر آئیں اور آپ لوگوں کو مارنا شروع کردیںاور گولیاں چلانا شروع کردیں ،یہ ہمارا دین نہیں ہے، ہمارا دین برداشت اور رحمتوں کا دین ہے ،ہمارے پیغمبر اکرم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم رحمت العاملین ہیں ،ہم دنیا اور اپنے ملک کی نوجوان نسل کو کیا پیغام دے رہے ہیں اور دین کو کس طرح استعمال کررہے ہیں، انہوں نے کہاکہ سیاست ممکنا ت کا نام ہے، ہم اس کو ناممکنات کا عمل بنا رہے ہیں ،یہاں اختلافات کو لوگ ذاتی دشمنیوں میں تبدیل کررہے ہیں،یہ پاکستان کے وجود اور نوجوان نسل کیلئے خوش آئند بات نہیں ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہباز شریف فلائی اوورز پر جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا کے مقامی نمائندگان کے گفتگو کرتے ہوئے کیا، صوبائی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ ، رکن صوبائی اسمبلی چودھری محمد اکرام، میئر میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ توحید اختر چودھری ، شجاعت علی پاشا، شیخ ناصر ، چودھری امداد علی، عمر بٹ ، ڈاکٹر نیلسن عظیم کے علاوہ مسلم لیگ ن کے مقامی عہدیداران اور کارکن کثیر تعداد میں ان کے ہمراہ تھے ، قبل ازیں شہباز شریف فلائی اوور تعمیر کرنے والے کمپنی کے پراجیکٹ مینیجر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہباز شریف پل تکمیل کے بالکل آخری مراحل میں داخل ہوچکا ہے اور30مئی تک یہ ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا۔